سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی عبوری ضمانت پر فیصلہ موخر کردیا، چیف جسٹس سوریہ کانت کے 2021 کے فیصلے کا حوالہ سامنے آگیا
سوریہ کانت نے 2021 میں وہ فیصلہ تحریر کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر مقدمے کی بروقت سماعت کا امکان نہ ہو تو آئینی عدالتیں یو اے پی اے کی پابندیوں کے باوجود ضمانت دے سکتی ہیں۔ سپریم کورٹ نے دہلی پولیس سے جواب طلب کرتے ہوئے عبوری ضمانت پر غور مو¿خر کردیا۔
”یہ میرا ہی فیصلہ ہے جس پر بحث ہو رہی ہے، اس لیے مجھے تھوڑی جھجک محسوس ہو رہی ہے۔“ چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں عمر خالد اور شرجیل امام کی نئی ضمانت عرضیوں کی سماعت کے دوران یہ تبصرہ کیا۔ دونوں اس معاملے میں چھ سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں۔
زیرِ بحث فیصلہ یونین آف انڈیا بنام کے۔ اے۔ نجیب (Union of India v. K.A. Najeeb) تھا، جسے سوریہ کانت نے 2021 میں تین ججوں کی بنچ کی جانب سے تحریر کیا تھا۔ اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت عائد پابندیاں آئینی عدالتوں کے ضمانت دینے کے اختیار کو ختم نہیں کرتیں، خاص طور پر اس صورت میں جب طویل عرصے تک قید اور مقدمے کی سماعت میں تاخیر کا امکان کسی شخص کی شخصی آزادی کے حق کو متاثر کر رہا ہو۔ اس فیصلے کے اطلاق کے طریقہ? کار پر اختلافات کے باعث بعد میں اس معاملے کو ایک بڑی بنچ کے حوالے کرنے کی سفارش بھی کی گئی تھی۔
عمر خالد اور شرجیل امام نے دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے جس میں فروری 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات کے پیچھے مبینہ بڑی سازش سے متعلق یو اے پی اے کیس میں انہیں ضمانت دینے سے انکار کردیا گیا تھا۔ بدھ کو سپریم کورٹ نے دہلی پولیس سے جواب طلب کیا اور پولیس کا موقف سننے کے بعد عبوری ضمانت کی درخواستوں پر غور کرنے کا فیصلہ مو¿خر کردیا۔
چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے دہلی پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس کا جواب طلب کیا۔
سماعت کے دوران عمر خالد کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے اس دوران عبوری ضمانت کی درخواست کی۔ وہیں شرجیل امام کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سدھارتھ ڈیو نے بھی طویل عرصے سے قید میں رہنے کی بنیاد پر اسی طرح کی راحت طلب کی۔تاہم بنچ نے کہا، ”آج نہیں۔“عدالت نے کہا کہ عبوری ضمانت کی درخواست پر غور کرنے سے پہلے وہ دہلی پولیس کا موقف سنے گی۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی ہدایت دی کہ انتظامی سطح پر چیف جسٹس کے سامنے یہ معاملہ رکھا جائے، تاکہ اس پر غور کے لیے تین ججوں کی بنچ تشکیل دی جا سکے۔
جنوری میں سپریم کورٹ نے دونوں ملزمان کو ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا، تاہم انہیں یہ اجازت دی تھی کہ محفوظ گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے یا اس حکم کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد، ان میں سے جو بھی صورت پہلے پیش آئے، وہ دوبارہ ضمانت کی درخواست دے سکتے ہیں۔اپنی نئی عرضیوں میں دونوں نے مو¿قف اختیار کیا ہے کہ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے اور ایک سال کی مدت بھی ختم ہونے کے قریب ہے۔شرجیل امام کو اس معاملے میں 25 اگست 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ عمر خالد کی گرفتاری 13 ستمبر 2020 کو عمل میں آئی تھی۔
سپریم کورٹ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی عبوری ضمانت پر فیصلہ موخر کردیا، چیف جسٹس سوریہ کانت کے 2021 کے فیصلے کا حوالہ سامنے آگیا...
Source: Admin