اسمبلی کی لائبریری سے شیاما پرساد مکھرجی کی تقریر کی دستاویزات غائب
مغربی بنگال اسمبلی کی لائبریری میں شیاما پرساد مکھرجی کی تاریخی تقریر کی دستاویزات نہیں مل رہی ہیں۔ اس معاملے کو لے کر پہلے ہی ہنگامہ شروع ہو چکا ہے۔ یہ الزام سامنے آنے کے بعد اب وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پیر کو نوبنّا میں انہوں نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے واضح کر دیا ہے کہ اگر دستاویزات غائب ہونے کا الزام درست ثابت ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔ سابقہ حکومت کے دور میں اسمبلی کے اسپیکر، اس وقت کے سکریٹری، افسران اور لائبریرین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر تحقیقات کی ذمہ داری سی آئی ڈی کے حوالے کر دی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، ”میرے پاس اس کی ایک کاپی موجود ہے۔ میں اسے ریکارڈ میں جمع کرا دوں گا۔ ہمیں یہ دستاویز لائبریری میں نہیں ملی۔ آئندہ 4 تاریخ کو اسمبلی کھلنے کے بعد اس معاملے کو دیکھوں گا۔ مکمل تحقیقات ہوں گی اور ضرورت پڑنے پر سی آئی ڈی تحقیقات کی ذمہ داری سنبھالے گی۔“
وزیر اعلیٰ کے مطابق، 1947 میں بنگال کی تقسیم کے پس منظر اور مغربی بنگال کے قیام اور اس کے نام رکھنے کی تاریخ کو سمجھنے کے لیے شیاما پرساد مکھرجی کی یہ تقریر ایک انتہائی اہم مستند دستاویز ہے۔ بنگال کی تقسیم کن حالات میں ہوئی تھی اور مغربی بنگال ریاست کس طرح وجود میں آئی، اس کا واضح ثبوت اسی تقریر سے ملتا ہے۔ لیکن اسمبلی کی لائبریری سے ایسی قیمتی دستاویز غائب ہونے کے بعد کئی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔مولانا ابوالکلام آزاد انسٹی ٹیوٹ آف ایشین اسٹڈیز میں ’ملک کی تقسیم، ہندوو¿ں کا وطن اور مغربی بنگال کی تشکیل‘ کے عنوان سے ایک لیکچر کی تیاری وکٹوریہ کالج کے پروفیسر کرشن سرکار کر رہے تھے۔ اسی سلسلے میں وہ 20 جون 1947 کی اسمبلی کی دستاویزات تلاش کر رہے تھے۔ لیکن اسمبلی کی لائبریری پہنچنے کے بعد انہیں متعلقہ کتاب نہیں ملی۔ اس کے بعد ہی اس معاملے کو لے کر ہنگامہ شروع ہو گیا۔موجودہ اسپیکر رتھیندر باسو نے کہا، ”اس معاملے پر پہلے ہی وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات چیت ہو چکی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس کی تحقیقات ہو۔“
اسمبلی کی لائبریری سے شیاما پرساد مکھرجی کی تقریر کی دستاویزات غائب...
Source: Admin