2020 دہلی فسادات کیس میں عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں سماعت آج
کارکنوں کا مو¿قف ہے کہ چارج شیٹ میں 900 سے زائد گواہوں کے نام درج ہونے کے باوجود استغاثہ اب تک ایک بھی گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں کر سکا، جبکہ دونوں 2020 سے جیل میں بند ہیں۔
سپریم کورٹ بدھ کے روز کارکنان شرجیل امام اور عمر خالد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرنے والی ہے۔ دونوں نے فروری 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فسادات کے پیچھے بڑی سازش کے الزام سے متعلق غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت درج مقدمے میں دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت دینے سے انکار کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی والی بنچ، جس میں جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا شامل ہیں، عدالت کی کاز لسٹ کے مطابق ان درخواستوں پر سماعت کرے گی۔ دونوں کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کی طویل حراست غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ کئی سال گزرنے کے باوجود استغاثہ محفوظ گواہوں کے بیانات تک ریکارڈ نہیں کر سکا ہے۔
اپنی درخواست میں شرجیل امام نے کہا ہے کہ 25 ستمبر 2020 کو داخل کی گئی چارج شیٹ میں 18 ملزمین کے نام شامل تھے اور 900 سے زائد گواہوں کی فہرست دی گئی تھی، جن میں سے 47 گواہوں کو تحفظ فراہم کیا گیا تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ زیر سماعت مقدمے میں تقریباً چھ سال اور نو ماہ حراست میں گزارنے کے باوجود اب تک ایک بھی گواہ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
عمر خالد نے بھی اسی طرح کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ محفوظ گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے میں مسلسل ناکامی اور سپریم کورٹ کی جانب سے عائد ایک سالہ پابندی کی مدت ختم ہونے کے قریب آنے سے ان کا ضمانت کا معاملہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔
دونوں درخواستوں میں مو¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ پابندی کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی انہیں جیل میں رکھنا آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت حاصل شخصی آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہوگی۔
دہلی ہائی کورٹ نے 30 ستمبر کو فروری 2020 کے شمال مشرقی دہلی فسادات کے پیچھے مبینہ ”بڑی سازش“ سے متعلق UAPA کیس میں عمر خالد اور شرجیل امام کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ وہ ”عدالتی نظم و ضبط“ کا پابند ہے اور سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم میں ترمیم نہیں کر سکتا۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں دونوں ملزمین سے کہا تھا کہ وہ محفوظ گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے یا ایک سال کی مدت مکمل ہونے کے بعد، ان دونوں میں سے جو بھی پہلے ہو، ضمانت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
عمر خالد اور شرجیل امام نے ٹرائل کورٹ کے 4 جولائی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، جس میں ان کی گرفتاری کے بعد تیسری مرتبہ ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئی تھیں۔
ٹرائل کورٹ نے ضمانت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے پاس سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے حکم پر عمل کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، اس لیے وہ نہ تو ان کی درخواستوں پر سماعت کر سکتی ہے اور نہ ہی کوئی راحت دے سکتی ہے۔
ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ جنوری میں دونوں ملزمین کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ دیگر شریک ملزمین کے مقابلے میں عمر خالد اور شرجیل امام کا کردار الگ تھا اور وہ مبینہ سازش کے ”نظریاتی محرکین“ تھے۔
عمر خالد اور شرجیل امام پر UAPA کے تحت فروری 2020 کے فسادات کے مبینہ اہم سازش کاروں میں شامل ہونے کا الزام ہے۔ ان فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
یہ تشدد شہریت ترمیمی قانون (CAA)، 2019 اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (NRC) کے خلاف احتجاج کے دوران پھوٹ پڑا تھا۔
کارکن خالد سیفی اور عام آدمی پارٹی کے سابق کونسلر طاہر حسین سمیت دیگر افراد کو بھی اس بڑی سازش کے مبینہ معاملے میں ملزم بنایا گیا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات دہلی پولیس کی اسپیشل سیل کر رہی ہے۔
شرجیل امام کو اس معاملے میں 25 اگست 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ عمر خالد کو 13 ستمبر 2020 کو گرفتار کیا گیا تھا۔
2 ستمبر 2025 کو ہائی کورٹ کی ڈویڑن بنچ نے عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔
5 جنوری کو سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو برقرار رکھا تھا، تاہم شریک ملزمین گل فشاں فاطمہ، میران حیدر، شفا الرحمٰن، محمد سلیم خان اور شاداب احمد کو راحت دی تھی۔
اس وقت جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریہ کی بنچ نے مشاہدہ کیا تھا کہ UAPA کے تحت عمر خالد اور شرجیل امام کے خلاف بادی النظر میں مقدمہ بنتا ہے۔
سپریم کورٹ نے ٹرائل میں تاخیر سے متعلق ان کے مو¿قف کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2020 سے جیل میں بند عمر خالد اور شرجیل امام محفوظ گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے کے بعد یا حکم کی تاریخ سے ایک سال مکمل ہونے پر نئی ضمانت کی درخواستیں داخل کر سکتے ہیں۔
22 مئی کو سپریم کورٹ نے شریک ملزم عبد الخالق سیفی اور تسلیم احمد کو چھ ماہ کی عبوری ضمانت دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی UAPA کے تحت ضمانت کی سخت شرائط کے پیش نظر زیر سماعت مقدمات کے ملزمین کی طویل حراست کے معاملے کو بڑی بنچ کے حوالے کر دیا تھا۔
2020 دہلی فسادات کیس میں عمر خالد اور شرجیل امام کی ضمانت کی درخواستوں پر سپریم کورٹ میں سماعت آج...
Source: Admin