National

طوفان مونتھا۔ آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں شدید بارش۔ 17 اضلاع میں ریڈ الرٹ

طوفان مونتھا۔ آندھرا پردیش کے کئی اضلاع میں شدید بارش۔ 17 اضلاع میں ریڈ الرٹ

حیدرآباد 28اکتوبر:ی)سمندری طوفان مونتھا کی تیزی سے کاکناڈا کی سمت پیشقدمی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان فی گھنٹہ 17 کلو میٹر کی رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں یہ شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو جائے گا۔ اندازہ لگایاجارہا ہے کہ منگل کی شام یا رات کے وقت یہ طوفان کاکناڈاکے قریب ساحل سے ٹکرائے گا اور تقریباً 18 گھنٹے تک اثر دکھائے گا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ساحلی اضلاع میں شدید بارش متوقع ہے۔ ساحلی پٹی پر فی گھنٹہ 90 سے 110 کلو میٹر کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ اس دوران سریکاکلم، وجیا نگرم، وشاکھا پٹنم، انکاپلی، نیلور، کوناسیما اور کاکناڈا اضلاع میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ ریاست بھر میں 95 مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں محفوظ رہیں۔ وجے واڑہ میں 16 سینٹی میٹر تک بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش کے 17 اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ کاکناڈاضلع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ طوفان کے اثر سے سمندر کی لہریں بہت بلند ہو گئی ہیں، جس سے کاکناڈاجانے والی بیچ روڈ تباہ ہو گئی ہے۔ لہروں کے دباؤ سے بڑے پتھر سڑک پر گر رہے ہیں اور ساحلی دیہاتوں پر سمندر کی لہریں زور سے ٹکرا رہی ہیں۔ کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ کوناسیما ضلع میں نصف شب سے بارش جاری ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ سمندر کے قریب رہنے والے افرادکو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش کے سی ایم این چندرا بابو نائیڈو نے سکریٹریٹ میں واقع ریئل ٹائم گورننس سوسائٹی سنٹر سے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعلیٰ سے فون پر بات کی اور انہیں ریاست کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ ہندستانی محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایم مہاپاترا نے بتایا کہ آندھرا پردیش سب سے زیادہ متاثر ہوگا، اس کے بعد اڈیشہ اور پھر چھتیس گڑھ ہوگا۔ آندھرا پردیش، اڈیشہ، چھتیس گڑھ اور تمل ناڈو میں 28 سے 30 اکتوبر کے درمیان موسلادھار بارش ہوگی۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments