ہر تھانے میں کالی ماتا کی مورتی ہوگی‘: ریاستی وزیر جگن ناتھ کا اعلان
اب ہر تھانے میں کالی پوجا کا اہتمام کیا جائے گا۔ سیوڑی تھانے میں وجیا سمیلن کے دوران وزیر جگن ناتھ چٹرجی نے ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے خصوصی درخواست کی۔ انہوں نے رگھو ڈاکو کا ذکر کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا۔ تاہم، وزیر نے واضح کیا کہ تھانوں میں کالی ماتا کی مورتی رکھنے کے معاملے میں کسی قسم کا مذہبی امتیاز نہیں ہوگا۔
بدھ کے روز اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا، ”ہر تھانے میں پورے اہتمام کے ساتھ کالی پوجا ہوگی۔ رگھو ڈاکو بھی ڈاکہ ڈالنے جانے سے پہلے کالی پوجا کیا کرتا تھا۔ آپ لوگ دراصل طاقت کے پجاری ہیں۔ میں نے تھانے میں کالی پوجا کرنے کے لیے کیوں کہا، اس میں مذہبی تناسب تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جس طرح بنگالیوں کے اسکولوں میں سرسوتی پوجا کی روایت ہے، اسی طرح تھانوں میں کالی پوجا کی روایت ہونی چاہیے۔ اس میں مذہب کا کوئی معاملہ نہیں ہوگا۔ اس سے پولیس فورس کو طاقت ملے گی۔ ضلع بیر بھوم کے ہر تھانے میں، جہاں ستی پیٹھ موجود ہیں، کالی پوجا ہونا اچھی بات ہے۔“
انہوں نے مزید کہا، ”اگر اسپتال کے سامنے کوئی مورتی ہو تو ڈاکٹر آپریشن کے لیے جانے سے پہلے اس کے سامنے سر جھکاتا ہے۔ اسی طرح مریض بھی صحت یاب ہو کر واپس آتے وقت سر جھکاتا ہے۔ بالکل اسی طرح تھانوں میں بھی کالی ماتا کی مورتی ہونی چاہیے۔ جب چور اندر آئے تو وہ کہے کہ ماں، مجھے رہائی مل جائے۔ اسی طرح جب پولیس چھاپہ مارنے جائے تو وہ بھی یہ دعا کرے کہ جس شخص کو پکڑنے کی امید لے کر جا رہے ہیں، وہ مل جائے۔“
قابلِ ذکر ہے کہ بدھ کے روز ہی نابنّا میں وزیر اعلیٰ شویندو ادھیکاری نے کابینہ کی میٹنگ کی۔ انہوں نے ہر وزیر کو ضلع کی سطح پر کالی پوجا کی ذمہ داری سونپی ہے۔ نابنّا کے ذرائع کے مطابق، بڑے اضلاع کے لیے دو دو وزیروں کو بھی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، چورباگان میں پیش آنے والے سانحے سے سبق لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس لیے اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ روشنیوں کے تہوار کے حوالے سے انتظامیہ کافی محتاط ہے۔
غدار تمہارے دروازے پر! چیتلا میں فرہاد حکیم کے محلے میں پوسٹر سے ہلچل
اب کولکاتا کے سابق میئر فرہاد حکیم کے محلے میں بھی ”غدار“ کے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ جمعرات کی دوپہر چیتلا میں ان کے گھر کے قریب ایک بڑا پوسٹر نظر آنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ یہ پوسٹر کس نے لگایا، اس پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ پوسٹر پر یوتھ ترنمول کانگریس کا نام لکھا ہے، لیکن تنظیم کے ایک حصے کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا۔ بلکہ ان کا مطالبہ ہے کہ اس بات کا پتہ لگایا جائے کہ ان کے نام پر یہ قابلِ مذمت حرکت کس نے کی۔ اس پورے معاملے پر فرہاد حکیم کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
2026 کے اسمبلی انتخابات میں کولکاتا پورٹ اسمبلی حلقے سے سخت جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کرکے فرہاد حکیم ایک بار پھر رکن اسمبلی بنے ہیں۔ ممتا بنرجی کے دورِ حکومت میں انہوں نے کئی محکموں کی وزارت سنبھالنے کے ساتھ دو مرتبہ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے میئر کی ذمہ داری بھی ادا کی۔ فرہاد حکیم ترنمول سپریمو ممتا بنرجی کے اہم قابلِ اعتماد رہنماو¿ں میں شمار ہوتے تھے۔
لیکن ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد وہ اور ترنمول کانگریس کے 60 سے زیادہ ارکان اسمبلی، ممتا خیمے کے خلاف بغاوت کا اعلان کرنے والے رکن اسمبلی ریتبرتا بنرجی کے ساتھ پارٹی سے الگ ہو گئے۔ ممتا بنرجی کے قریبی سمجھے جانے والے فرہاد حکیم کی اس اچانک سیاسی تبدیلی سے بہت سے لوگ حیران رہ گئے تھے۔ ان کی دیانت داری اور وفاداری پر بھی سوال اٹھائے گئے تھے۔
تاہم، فی الحال فرہاد حکیم اپنے سیاسی کیریئر کو مزید آگے بڑھانے کے خواہش مند نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنے قریبی لوگوں کے سامنے واضح کر دیا ہے کہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں وہ امیدوار نہیں بنیں گے۔ رکن اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ سیاست میں بھی سرگرم نہیں رہنا چاہتے۔
ان تمام واقعات کے بعد جمعرات کو فرہاد حکیم کے گھر کے قریب، ان کے اپنے محلے چیتلا کے وارڈ نمبر 82 میں ”غدار“ کے پوسٹر لگنے سے ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے۔ پوسٹر پر لکھا ہے، ”اپنے داماد اور اپنی بیٹی کے معاملے میں کون سا فارمولہ، خون یا عقیدت؟“
پوسٹر کے نیچے وارڈ نمبر 82 کی یوتھ ترنمول کانگریس کا نام درج ہے، لیکن تنظیم کے ایک حصے نے اس معاملے سے مکمل طور پر انکار کیا ہے۔ اس کے برعکس یوتھ ترنمول کانگریس کا کہنا ہے کہ اس حرکت میں ان کا کوئی بھی فرد ملوث نہیں ہے۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ ان کے نام پر یہ پوسٹر کس نے لگایا اور الزام ان پر کیوں عائد کیا جا رہا ہے۔
سابق میئر کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہ آنے کے درمیان ان کی بیٹی پریہ درشنی حکیم نے کہا ہے کہ ان کے والد کے خلاف ”غدار“ کے پوسٹر لگایا جانا افسوس ناک ہے۔
ہر تھانے میں کالی ماتا کی مورتی ہوگی‘: ریاستی وزیر جگن ناتھ کا اعلان...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments