Akhbar-e-Mashriq

Akhbar-e-Mashriq

Logo

Akhbar-e-Mashriq

PUBLISHED FROM Kolkata ♦ Delhi ♦ Ranchi ♦ Lucknow ♦ Bhopal ♦ Srinagar ♦ Siliguri ♦ Asansol
Akhbar-e-Mashriq Akhbar-e-Mashriq
ALERTS
Kolkata

طلبہ کا ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد فلم ساز رونی سین کو ہراساں کرنے کا الزام، ادارے نے غیر قانونی داخلے کا دعویٰ کیا

Admin
By Admin
Nov 14, 2026
Listen to Article Audio Narration
Loading narration audio... Playing • Tap to pause Tap play to listen to this story

Your Reaction

{{ voteMessage }}

{{ currentVoteCount }} Responses

طلبہ کا ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد فلم ساز رونی سین کو ہراساں کرنے کا الزام، ادارے نے غیر قانونی داخلے کا دعویٰ کیا
طلبہ کا ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد فلم ساز رونی سین کو ہراساں کرنے کا الزام، ادارے نے غیر قانونی داخلے کا دعویٰ کیا — November 14, 2026
طلبہ کا ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد فلم ساز رونی سین کو ہراساں کرنے کا الزام، ادارے نے غیر قانونی داخلے کا دعویٰ کیا
ستیہ جیت رے فلم اینڈ ٹیلی ویڑن انسٹی ٹیوٹ (ایس آر ایف ٹی آئی) میں اس وقت تنازع کھڑا ہوگیا جب طلبہ نے الزام لگایا کہ ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد فلم ساز رونی سین کو سکیورٹی اہلکاروں نے ہراساں کیا اور انہیں کیمپس میں ورکشاپ منعقد کرنے سے روک دیا۔ دوسری جانب ادارے کا دعویٰ ہے کہ وہ باو¿نڈری وال پھلانگ کر بغیر اجازت کیمپس میں داخل ہوئے تھے۔
ایس آر ایف ٹی آئی طلبہ یونین نے ایک بیان میں کہا کہ رونی سین کو بلیو بنیان کلیکٹو کے تعاون سے ”مزاحمت کے ہتھیار کے طور پر سنیما“ کے عنوان سے ورکشاپ منعقد کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ یہ ورکشاپ طلبہ یونین کی جانب سے شروع کی گئی ایک سیریز کا حصہ تھی، جس کا مقصد انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کے تعلیمی حقوق محدود کرنے کی مبینہ کوششوں کے خلاف آواز اٹھانا تھا۔
طلبہ یونین نے الزام لگایا کہ رونی سین ورکشاپ منعقد کرنے کے لیے کسی بھی دستیاب مقام پر تیار تھے، لیکن اس کے باوجود انہیں طلبہ سے بات چیت کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
اس کے بعد طلبہ ادارے کے مرکزی گیٹ کے باہر جمع ہوگئے اور سڑک پر بیٹھ کر ورکشاپ شروع کردی۔ یونین کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد انتظامیہ نے پولیس کی مدد سے رونی سین کو وہاں سے جانے کے لیے کہا۔
طلبہ یونین نے الزام لگایا کہ یہ تیسرا موقع ہے جب انتظامیہ نے فلم سازوں کو طلبہ کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے روکا ہے۔ یونین کے مطابق فلم ساز رنجن پالیت کو بھی دو الگ الگ مواقع پر کلاسیں لینے سے روک دیا گیا تھا۔
طلبہ یونین نے مزید الزام لگایا کہ ادارے کی انتظامیہ نے 15 اکتوبر سے کیمپس، میس اور بنیادی سہولتیں بند کر رکھی ہیں، جس سے تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔
طلبہ یونین نے اپنے بیان میں کہا، ”ہم ایس آر ایف ٹی آئی انتظامیہ کی جانب سے فلم سازوں کو ایک فلمی ادارے میں داخل ہونے سے جارحانہ انداز میں روکنے کے مسلسل اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔“
تاہم، ادارے نے کہا کہ اس واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو دے دی گئی ہے اور مبینہ غیر مجاز داخلے کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی گئی ہے۔ شکایت میں مناسب قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے، کیونکہ اس طرح کے واقعے سے طلبہ، اساتذہ اور عملے کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
ایس آر ایف ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ کیمپس میں کشیدہ حالات کے دوران پیش آیا، جہاں معمول کی تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں اور احتیاطی تدابیر کے تحت بیرونی افراد کے داخلے پر پابندی عائد ہے۔
ادارے نے واضح کیا کہ پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی بیرونی شخص یا تنظیم کو کیمپس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی تمام متعلقہ فریقوں سے ادارے کے ضابطوں کا احترام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔انتظامیہ نے لوگوں سے یہ بھی اپیل کی کہ وہ موجودہ حالات کا استعمال اپنے بیرونی یا سیاسی مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے نہ کریں۔پولیس نے بتایا کہ کیمپس میں غیر قانونی داخلے کی شکایت موصول ہوئی ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔دریں اثنا، طلبہ کا دعویٰ ہے کہ ادارے کے مرکزی گیٹ کے باہر پولیس کی تعیناتی بڑھا دی گئی ہے اور بیریکیڈ لگا کر داخلی راستہ بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 27 ستمبر سے کیمپس میں کشیدگی برقرار ہے۔ اس روز ادارے کے آڈیٹوریم میں ایک دائیں بازو کی تنظیم کی جانب سے منعقدہ میٹنگ کے دوران طلبہ کے ایک گروپ اور تنظیم کے ارکان کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی، جس میں کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔

طلبہ کا ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد فلم ساز رونی سین کو ہراساں کرنے کا الزام، ادارے نے غیر قانونی داخلے کا دعویٰ کیا...

Source: Admin
Trending Videos
Instagram
X (Twitter)
LinkedIn