بی جے پی اور آر ایس ایس ایسی نظریاتی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں جو مزدوروں کو بندھوا مزدور سمجھتی ہے: راہل
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز حیدرآباد میں تلنگانہ حکومت کے گیگ ورکرز کی فلاح و بہبود سے متعلق قانون کو مزدوروں کے نام وقف کیا۔ انہوں نے گیگ ورکرز کو معیشت کی بنیاد اور ترقی کے سفر میں شراکت دار قرار دیتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس پر الزام لگایا کہ وہ ایسی نظریاتی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں جو مزدوروں کو بندھوا مزدور سمجھتی ہے۔
راہل گاندھی نے گیگ ورکرز کے ساتھ ریاستی حکومت کے زیر انتظام شلپرامم کرافٹ اینڈ کلچرل ولیج سے مادھا پور کے جئے بھیری گراو¿نڈ تک بائیک ریلی میں حصہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے مزدوروں سے خطاب کیا۔ اس دوران وہ ایک خاتون کے ذریعے چلائے جا رہے اسکوٹر پر پیچھے بیٹھے تھے۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی، ان کی کابینہ کے ارکان اور کانگریس کے دیگر رہنما بھی ریلی میں ان کے ساتھ موجود تھے۔
مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ پلیٹ فارم بیسڈ گیگ ورکرز (رجسٹریشن، سماجی تحفظ اور فلاح و بہبود) بل 2026 نافذ کرکے گیگ ورکرز کو سماجی تحفظ اور قانونی ضمانت فراہم کرنے کا اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔
اس قانون کے تحت گیگ ورکرز کو 5 لاکھ روپے کا حادثاتی بیمہ اور 10 لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت حیدرآباد اور دیگر شہروں میں وائی فائی کی سہولت سے لیس آرام گاہیں بھی قائم کرے گی۔ اس کے علاوہ پنشن سے متعلق فوائد اور اپنے کام کے ڈیٹا اور آمدنی پر حقوق بھی فراہم کیے جائیں گے۔
راہل گاندھی نے 2023 میں تلنگانہ کے گیگ ورکرز کے ساتھ اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مزدوروں نے اپنی مشکلات، ضروریات اور مطالبات ان کے سامنے رکھے تھے اور کانگریس نے ان کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ”2023 میں میری تلنگانہ کے گیگ ورکرز کے ساتھ طویل ملاقات ہوئی تھی۔ ہم نے تفصیل سے بات چیت کی تھی۔ انہوں نے اپنی مشکلات، ضروریات اور مطالبات ہمارے سامنے رکھے تھے۔ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ان کے مطالبات پورے کیے جائیں گے اور انہیں تحفظ ضرور فراہم کیا جائے گا۔ آج ہم نے اپنا یہ وعدہ پورا کر دیا ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ تمام سہولتیں تلنگانہ کے گیگ ورکرز کے قانونی حقوق بن چکی ہیں۔ یہ محض ایک سرکاری اسکیم نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے، جس کے تحت ہر محنت کرنے والے شخص کو اس کے حقوق، عزت اور مستقبل کا تحفظ ملنا چاہیے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ یہی فرق کانگریس کی عوام دوست حکومت اور بی جے پی-آر ایس ایس کی استحصالی نظریاتی سوچ کے درمیان ہے۔ ان کے مطابق بی جے پی اور آر ایس ایس کی سوچ مزدوروں کو غلام بنانا چاہتی ہے، جبکہ کانگریس محنت کرنے والوں کو حقوق، عزت اور محفوظ مستقبل فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔
راہل نے گیگ ورکرز کو ان کے کام سے متعلق ڈیٹا، بشمول ڈیلیوری اور آمدنی کی تفصیلات تک رسائی دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور بڑی کمپنیاں ڈیٹا کی بنیاد پر ترقی کرتی ہیں، لیکن مزدوروں کو اپنے ہی ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا، ”یہ آپ کا ڈیٹا ہے، آپ کی محنت ہے، لیکن آپ اپنا ڈیٹا بھی نہیں دیکھ سکتے تھے۔ یہ قانون آپ کو اپنے ڈیٹا پر حق فراہم کرے گا۔“
انہوں نے مزید بتایا کہ ہر لین دین پر گیگ ورکرز کی آمدنی کا ایک فیصد ان کے بینک کھاتوں میں جمع کیا جائے گا، تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔
بی جے پی اور آر ایس ایس کو نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ ان کی نظریاتی سوچ کا مقصد اڈانی اور امبانی جیسے بڑے سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانا ہے، جبکہ مزدوروں کو ان کی محنت کا مناسب فائدہ نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا، ”21ویں صدی میں دو نظریات ہیں۔ ایک بی جے پی-آر ایس ایس کا نظریہ ہے۔ وہ آپ کو بندھوا مزدور بنانا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ آپ 24 گھنٹے کام کریں، اپنا خون پسینہ بہائیں، زخمی ہوں اور حادثات میں جان گنوائیں، جبکہ آپ کی محنت کا پورا فائدہ کروڑ پتیوں، امبانی اور اڈانی کو ملے اور آپ اپنی محنت کا فائدہ حاصل نہ کر سکیں۔“
راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس مزدوروں کو ملک کی بنیاد سمجھتی ہے اور گیگ ورکرز کو ترقی کے سفر میں اپنا شراکت دار مانتی ہے۔ انہوں نے مزدوروں کو یقین دلایا کہ انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، وہ خود، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور ریاستی حکومت ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی یوم پیدائش کے موقع پر یہ قانون گیگ ورکرز کے نام وقف کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی ہدایات کے مطابق ریاستی حکومت نے یہ قانون منظور کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس قانون کا مسودہ تیار کرنے میں مدد دینے کے لیے سماجی کارکن نکھل ڈے کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون کو بند کمروں میں تیار کرنے کے بجائے گیگ ورکرز کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد کی تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران گیگ ورکرز کے مسائل کو نمایاں کیا تھا، جس کے بعد تلنگانہ حکومت نے مارچ 2026 میں یہ قانون نافذ کیا۔
بی جے پی اور آر ایس ایس ایسی نظریاتی سوچ کو فروغ دے رہے ہیں جو مزدوروں کو بندھوا مزدور سمجھتی ہے: راہل...
Source: Admin