National

سنیترا پوار نے  نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(اجیت پوار گروپ) کا قومی صدر کا عہدہ سنبھالا

سنیترا پوار نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(اجیت پوار گروپ) کا قومی صدر کا عہدہ سنبھالا

ممبئی ، 26 فروری: سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے المناک انتقال کے بعد نائب وزیر اعلیٰ سنیترا اجیت پوار کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(اجیت پوار گروپ) کا قومی صدر مقرر کردیا گیا۔ پارٹی کی قومی عاملہ کے اجلاس میں سینئر رہنما پرفل پٹیل نے باضابطہ طور پر ان کے نام کا اعلان کیا، جس کے بعد انہوں نے ملک بھر کے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔ اپنے خطاب میں سنیترا پوار نے کہا کہ ''اجیت دادا'' کی کمی کبھی پوری نہیں ہو سکتی اور ان کی ناگہانی موت کا غم ابھی تک پارٹی برداشت نہیں کر پائی ہے ۔ انہوں نے اس لمحے کو ذاتی طور پر انتہائی کربناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کے کاندھوں پر لاکھوں کارکنوں کی امیدوں اور اعتماد کی ذمہ داری ہے ۔ ان کے مطابق یہ عہدہ محض ایک منصب نہیں بلکہ کارکنوں کی توقعات کو پورا کرنے کا عہد ہے اور وہ پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ پارٹی کے نظریے کو آگے بڑھائیں گی۔ اجلاس کے دوران جب بھی انہوں نے اجیت پوار کا ذکر کیا تو ان کی آواز بھر آئی اور وہ کئی مرتبہ جذباتی ہو گئیں۔ حاضرین نے انہیں ان کی خدمات اور زندگی کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوتے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ان کے لیے ایک خاندان کی طرح ہے اور سماج کے کسی بھی طبقے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ اجیت پوار کے ساتھ چار دہائیوں کے سفر کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے مہاراشٹر کی ترقی کے لیے ان کی انتھک محنت کو قریب سے دیکھا ہے اور ان کے خوابوں کو ادھورا نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ ہر فرد اپنے آپ کو قومی صدر سمجھ کر اسی جذبے سے کام کرے ۔ ساتھ ہی پارٹی کو دوبارہ قومی درجہ دلانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شہری علاقوں میں تنظیم کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ان کا خاندان صرف پارتھ اور جے تک محدود نہیں بلکہ پوری نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ہی ان کا خاندان ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ نہ پیچھے ہٹیں گی اور نہ ہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہوں گی۔ اجیت پوار کو ''سہیا دری'' قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی فکر اور تربیت کو آگے لے جانا ہوگا اور شردابائی پوار کی نظریاتی وراثت کو بھی جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر اور اس کے عوام کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ اجیت پوار کے اچانک انتقال کو پارٹی کے لیے شدید دھچکہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا، لیکن ان کا دکھایا ہوا راستہ، کارکنوں کی تربیت، نظم و ضبط اور عزم ہی پارٹی کی اصل طاقت ہے ۔ لاڑکی بہن یوجنا کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ذمہ داری اس تک محدود نہیں ہے ۔ کسانوں کو سماج کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے انہوں نے یاد دلایا کہ اجیت پوار نے زراعت میں اے آئی ٹیکنالوجی متعارف کرائی تھی اور اس سمت میں مزید کام جاری رکھا جائے گا۔

Source: UNI NEWS

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments