National

سنجے راوت کاطنزیہ پوسٹ، ’آپریشن ٹائیگر‘ کی افواہوں کے درمیان شیو سینا (یو بی ٹی) میں نئی بغاوت کا خطرہ

سنجے راوت کاطنزیہ پوسٹ، ’آپریشن ٹائیگر‘ کی افواہوں کے درمیان شیو سینا (یو بی ٹی) میں نئی بغاوت کا خطرہ

مہاراشٹر کی سیاست ایک بار پھر ہلچل کا شکار ہے۔ شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے سوشل میڈیا پر ایک ایسا مبہم اور سخت پیغام جاری کیا ہے جس نے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب شیو سینا (یو بی ٹی) کے چھ ارکانِ پارلیمنٹ کے ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیو سینا میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں، جسے سیاسی حلقوں میں ’’آپریشن ٹائیگر‘‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ سنجے راوت نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’کچھ لوگ کتے تو ہوتے ہیں، لیکن وفادار نہیں ہوتے۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ انہوں نے ’’جے مہاراشٹر‘‘ کا نعرہ بھی تحریر کیا۔ اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق ان کا اشارہ ان اراکین پارلیمنٹ کی طرف تھا جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ ادھو ٹھاکرے کا ساتھ چھوڑ کر ایکناتھ شندے کے دھڑے میں شامل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ بحران 2022 کی اس بڑی بغاوت کے بعد سب سے بڑا سیاسی جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے، جب ایکناتھ شنڈے نے کئی ارکان اسمبلی کے ساتھ مل کر ادھو ٹھاکرے کی قیادت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا۔ حالیہ تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب نئی دہلی میں پارلیمنٹ کمپلیکس میں بلائے گئے شیو سینا (یو بی ٹی) کے پارلیمانی اجلاس میں پارٹی کے نو میں سے صرف تین ارکان پارلیمنٹ شریک ہوئے، جبکہ چھ ارکان اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ اجلاس میں اروند ساونت، انیل دیسائی اور راجابھاؤ واجے شریک ہوئے، جبکہ ناگیش آشتیکر، سنجے دیشمکھ، سنجے جادھو، سنجے دینا پاٹل، اوم پرکاش راجینمبالکر اور بھاؤ صاحب واکچورے اجلاس سے غیر حاضر رہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے راوت نے غیر حاضر ارکان پر شدید تنقید کی اور انہیں بزدل قرار دیا۔ انہوں نے کہا: ’’جو لوگ خود کو شیوسینک کہتے تھے، وہ بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ حقیقی شیوسینک کبھی اتنے بزدل نہیں ہوتے۔ یہ لوگ خود کو شیوسینک کہتے ہیں، لیکن آج کہاں جا کر چھپ گئے ہیں؟ جے پور میں۔‘‘ راوت نے کہا کہ پارٹی نے ان ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا: ’’ہم ان کی نااہلی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اگر لوک سبھا اسپیکر آئین، قانون اور سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں تو ان ارکان کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔‘‘ سیاسی حلقوں میں ’’آپریشن ٹائیگر‘‘ کی بحث اس وقت تیز ہوئی جب شیو سینا کے ایم ایل سی چندرکانت راگھوونشی نے دعویٰ کیا کہ شیو سینا (یو بی ٹی) کے چھ ارکان پارلیمنٹ ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے پر اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں اور عملی طور پر ان کے دھڑے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اگرچہ ابھی تک ان ارکان کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، لیکن مہاراشٹر کی سیاست میں ایک اور بڑی تقسیم کے امکانات پر بحث جاری ہے۔

Source: Social Media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments