International

رفح میں امداد تقسیم کے مرکز کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ، سات ہلاک

رفح میں امداد تقسیم کے مرکز کے قریب اسرائیلی فوج کی فائرنگ، سات ہلاک

اسرائیل نے جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقے رفح میں مزعومہ سیف زون مواصی میں قائم امدادی سامان کی تقسیم کے مرکز کے پاس ایک مرتبہ پھر نہتے فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ کی ہے۔ سنیچر کے روز غزہ سے نامہ نگاروں نے اپنے مراسلوں میں بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آ کر سات شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ نامہ نگاروں کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی میں خانیونس کے مغربی علاقے میں المواصی ریجن میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر اسرائیلی فوج کی گولا باری میں چار مزید فلسطینی جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ غزہ کے میڈیکل ذرائع نے بتایا کہ سنیچر کے روز فجر کے بعد سے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی جارحیت میں کم سے کم 45 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خانیونس شہر پر کی جانے والی بمباری سب سے زیادہ شدید تھی جس کے نتیجے میں اسرائیلیوں نے فلسطینیوں کے کئی رہائشی ٹھکانے ملیامیٹ کر دیے جبکہ دوسری جانب مزاحمتی تنظیم القسام بریگیڈ نے مشرقی خانیونس میں ایک گھات لگا کر کی جانے والی کارروائی میں چار اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس گھات حملے میں کئی اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ شمالی غزہ سے نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری میں پناہ گزینوں کے کئی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے جبالیہ کے علاقے میں کم سے کم 20 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، فضائی حملوں کے ساتھ اسرائیلی فوج نے زمینی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ یہ سب کارروائیاں گذشتہ روز اسرائیلی فوج کے اس اعلان کے بعد سامنے آئیں جس میں علاقے میں فوجی کارروائی اور زمینی پیش قدمی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یاد رہے اس سے قبل ایک اسرائیلی عہدیدار نے تصدیق کی تھی کہ نیتن یاہو حکومت غزہ کے جنوب میں کچھ علاقوں پر کنٹرول رکھنے والی چھوٹی فلسطینی ملیشیاؤں کو مسلح کر رہی ہے جو حماس کے خلاف مقامی مزاحمت کو فروغ دینے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ ’’ وال سٹریٹ جنرل ‘‘ نے رپورٹ کیا کہ انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ملیشیا کے رہنما یاسر ابو شباب کو اسرائیلی فوج سے ہتھیار ملے جو جنگ کے دوران غزہ کے اندر سے برآمد ہوئے تھے۔ یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب کل اسرائیل میں اس وقت ایک بڑی ہنگامہ آرائی ہوئی جب سابق اسرائیلی وزیر دفاع ایویگڈور لیبرمین نے تل ابیب پر غزہ کی پٹی میں مجرمانہ ملیشیاؤں کو ہتھیار فراہم کرنے کا الزام لگایا تھا۔ بعد میں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپنی انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ اسرائیل غزہ میں حماس مخالف گروہوں کی حمایت کر رہا ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ اس میں کیا غلط ہے؟ یہ ایک اچھی بات ہے۔ یہ اسرائیلی فوجیوں کی جانیں بچاتا ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments