National

راجیہ سبھا انتخابات: کانگریس نے کیا 7 امیدواروں کا اعلان، کھڑگے اور پون کھیڑا کرناٹک سے میدان میں

راجیہ سبھا انتخابات: کانگریس نے کیا 7 امیدواروں کا اعلان، کھڑگے اور پون کھیڑا کرناٹک سے میدان میں

کانگریس نے آئندہ راجیہ سبھا انتخابات اور ضمنی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے کی منظوری کے بعد جاری ہونے والی اس فہرست میں کئی ایسے نام شامل ہیں جنہیں تنظیمی وفاداری، سیاسی تجربے اور قیادت کے اعتماد کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر کرناٹک سے تین اہم رہنماؤں کو میدان میں اتار کر کانگریس نے واضح اشارہ دیا ہے کہ وہ اپنے مضبوط گڑھ کو مزید مستحکم بنانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ کرناٹک سے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ ان کے ساتھ پارٹی کے قومی ترجمان پون کھیڑا اور سینئر رہنما منصور علی خان کو بھی راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ پون کھیڑا کی نامزدگی کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ وہ پہلی بار پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں پہنچنے کے قریب ہیں۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے پارٹی کا مؤثر اور توانا چہرہ رہے ہیں اور قومی سطح پر کانگریس کے موقف کو مضبوط انداز میں پیش کرتے رہے ہیں۔ منصور علی خان کو اقلیتی طبقے کی ایک اہم آواز کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ ان کی نامزدگی کو سماجی نمائندگی اور مختلف طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی کانگریس کی پالیسی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ مدھیہ پردیش سے سابق رکن پارلیمنٹ میناکشی نٹاراجن کو راجیہ سبھا کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ وہ راہل گاندھی کی قریبی ساتھیوں میں شمار کی جاتی ہیں اور تنظیمی و سیاسی سطح پر طویل تجربہ رکھتی ہیں۔ ان کی نامزدگی کو خواتین قیادت کے فروغ اور مدھیہ پردیش میں پارٹی کی مضبوطی کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ راجستھان سے موجودہ راجیہ سبھا رکن نیرج ڈانگی پر ایک بار پھر اعتماد ظاہر کیا گیا ہے۔ پارٹی قیادت نے انہیں دوبارہ امیدوار بنا کر ان کی سیاسی خدمات اور تنظیمی کردار کو سراہا ہے۔ تمل ناڈو سے پروین چکرورتی کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ وہ کانگریس کے اعداد و شمار اور تجزیاتی شعبے کی قیادت کرتے رہے ہیں اور پالیسی سازی کے معاملات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جھارکھنڈ سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری پرنو جھا کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ تنظیمی امور اور ذرائع ابلاغ کے شعبے میں ان کی سرگرم موجودگی کو دیکھتے ہوئے اس فیصلے کو ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ راجیہ سبھا کی 24 نشستوں کے لیے مختلف ریاستوں میں 18 جون کو انتخابات ہوں گے، جبکہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے۔

Source: Social Media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments