National

راگھو چڈھا سمیت 7 راجیہ سبھا اراکین بی جے پی میں شامل، نتن نوین نے مٹھائی کھلا کر کیا استقبال

راگھو چڈھا سمیت 7 راجیہ سبھا اراکین بی جے پی میں شامل، نتن نوین نے مٹھائی کھلا کر کیا استقبال

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کو ایک بڑا سیاسی جھٹکا اس وقت لگا جب اس کے سینئر لیڈر راگھو چڈھا سمیت سات راجیہ سبھا اراکین نے پارٹی چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کر لی۔ ان لیڈروں نے اپنے استعفے کے بعد دہلی میں واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر پہنچ کر باضابطہ طور پر نئی جماعت میں شمولیت اختیار کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین نے راگھو چڈھا، سندیپ پاٹھک اور اشوک متل سمیت دیگر لیڈروں کا خیرمقدم کیا اور انہیں مٹھائی کھلا کر پارٹی میں شامل کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر سینئر قائدین بھی موجود تھے اور انہوں نے نئے شامل ہونے والے اراکین کو مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی کے کل 10 راجیہ سبھا اراکین میں سے سات نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ راگھو چڈھا اور سندیپ پاٹھک نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنے پانچ دیگر ساتھیوں کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں عآپ کے ایک بڑے گروپ کا بی جے پی میں انضمام عمل میں آیا ہے۔ راگھو چڈھا نے اس موقع پر کہا کہ آئین کے مطابق اگر کسی پارٹی کے دو تہائی اراکین کسی دوسری جماعت میں شامل ہونا چاہیں تو وہ قانونی طور پر انضمام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھاکرشنن کو خط ارسال کر دیا گیا ہے اور تمام ضروری دستاویزات جمع کرائی جا رہی ہیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے والے دیگر اراکین میں ہربھجن سنگھ، راجندر گپتا، وکرم ساہنی اور سواتی مالیوال کے نام بھی شامل ہیں۔ یہ پیش رفت نہ صرف عام آدمی پارٹی کے لیے ایک بڑی نقصان سمجھی جا رہی ہے بلکہ ملکی سیاست میں بھی اس کے دور رس اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔ اپنی پریس کانفرنس میں راگھو چڈھا نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم سب نے مل کر عام آدمی پارٹی کو دہلی، پنجاب اور دیگر ریاستوں تک پہنچانے کے لیے محنت کی، لیکن اب پارٹی کی سمت مکمل طور پر بدل چکی ہے“۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی سے الگ ہونے کا فیصلہ آسان نہیں تھا بلکہ اس پر طویل غور و فکر کیا گیا۔ ان کے مطابق اب وہ عوامی خدمت کو ترجیح دیتے ہوئے ایک ایسے پلیٹ فارم کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں جہاں قومی مفاد کو اولین حیثیت حاصل ہو۔ راگھو چڈھا نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی اب عوامی مسائل سے دور ہو چکی ہے اور صرف اپنے محدود مفادات پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”ہمیں محسوس ہوا کہ پارٹی اب عام لوگوں کی فکر نہیں کر رہی، اسی لیے ہم نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا“۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ واقعہ عام آدمی پارٹی کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مختلف ریاستوں میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی کے لیے یہ پیش رفت ایک بڑی کامیابی کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے اس کی پارلیمانی طاقت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس سیاسی تبدیلی کے اثرات مزید واضح ہوں گے اور دیگر جماعتوں کی حکمت عملی پر بھی اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments