National

پرتیک یادو کی آخری رسومات کل ہوں گی ادا، پوسٹ مارٹم رپورٹ نے موت کی وجہ سے اٹھایا پردہ

پرتیک یادو کی آخری رسومات کل ہوں گی ادا، پوسٹ مارٹم رپورٹ نے موت کی وجہ سے اٹھایا پردہ

سماجوادی پارٹی کے بانی اور سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو کے بیٹے پرتیک یادو کی موت کی وجہ سے پوسٹ مارٹم رپورٹ نے پردہ اٹھا دیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق 38 سالہ پرتیک یادو کی موت ’کارڈیو ریسپائریٹری کولیپس‘ کے سبب ہوئی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ یہ حالت بڑے پیمانے پر ہونے والے ’پلمونری تھرومبو ایمبولزم‘ کی وجہ سے پیدا ہوئی، جس میں پھیپھڑوں کی رگوں میں خون کے لوتھڑے جم جاتے ہیں اور اس سے دل کام کرنا بند کر دیتا ہے اور سانس اچانک رک جاتی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بدھ کی علی الصبح اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد پرتیک یادو کو لکھنؤ کے سول اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس خبر کے پھیلتے ہی سیاسی و سماجی حلقوں میں چہ می گوئیاں شروع ہو گئیں اور تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا۔ پرتیک کے بھائی اکھلیش یادو اور ان کی بیوی ڈمپل یادو سمیت سماجوادی پارٹی کے سرکردہ لیڈران پرتیک کے گھر پہنچنے اور ان کی بیوہ اپرنا یادو سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور کچھ دیگر بی جے پی لیڈران نے بھی اپریا یادو کی رہائش پر پہنچ کر اظہارِ تعزیت کیا۔ بہرحال، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کئی اہم باتیں سامنے آئی ہیں۔ فارنسک ماہرین نے مزید جانچ کے لیے پورے دل اور پلمونری تھرومبو ایمبولک مواد کو فارملین میں محفوظ رکھا ہے، تاکہ ہسٹوپیتھولوجیکل جانچ کی جا سکے۔ اس کے علاوہ وِسرا سیمپل تفصیلی کیمیائی تجزیہ کے لیے متعلقہ پولیس کو سونپ دیا گیا ہے، تاکہ موت سے جڑی دیگر ممکنہ وجوہات کی بھی جانچ ہو سکے۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جسم پر پائے گئے تمام زخموں کے نشانات موت سے پہلے کے تھے۔ اب جانچ ایجنسیاں میڈیکل رپورٹ اور کیمیائی تجزیے کی بنیاد پر پورے معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہیں۔ اس درمیان پرتیک یادو کی آخری رسومات کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ خاندان کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق ان کی آخری رسومات جمعرات دوپہر 12.30 بجے لکھنؤ کے پپرا گھاٹ پر ادا کی جائیں گی۔ پرتیک یادو کی میت ان کی رہائش گاہ پر پہنچا دی گئی ہے، جہاں آخری دیدار کے لیے لوگوں کی آمد بھی شروع ہو چکی ہے۔ ملائم سنگھ یادو کے چھوٹے بھائی شیوپال یادو بھی تعزیت کے لیے گھر پہنچے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ کچھ وقت سے پرتیک یادو ایک مبینہ مالی تنازعہ کو لے کر ذہنی دباؤ میں تھے۔ انہوں نے کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی اور رنگداری مانگنے کے الزام میں شکایت درج کرائی تھی۔ الزام ہے کہ چنہٹ علاقہ کے رہنے والے کرشن آنند پانڈے نے رئیل اسٹیٹ کاروبار میں سرمایہ کاری کے نام پر ان سے بڑی رقم لگوائی اور انہیں کمپنی سے جوڑا، جبکہ زمین سے متعلق تمام مالی اور قانونی فیصلے خود اپنے کنٹرول میں رکھے۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ کئی جائیدادوں کے سودے ہونے کے باوجود سرمایہ کاری کی رقم کا واضح حساب نہیں دیا گیا۔ پرتیک یادو نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ رقم واپس مانگنے پر انہیں سنگین مقدمات میں پھنسانے اور فرضی آڈیو جاری کر کے خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی گئی۔ اس معاملے میں کرشن آنند پانڈے، ان کی بیوی وندنا پانڈے اور والد اشوک پانڈے کے خلاف 4 کروڑ روپے کی رنگداری مانگنے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گوتم پلی تھانے میں کیس درج ہونے کے بعد پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments