Sports

ویسٹ انڈیز کو آٹھ رنز سے شکست دے کر نیوزی لینڈ فائنل میں

ویسٹ انڈیز کو آٹھ رنز سے شکست دے کر نیوزی لینڈ فائنل میں

شارجہ، 18 اکتوبر: جارجیا پلمر (33)، سوزی بیٹس (26) اور ازابیلا گیج کی (ناٹ آؤٹ 20) رنوں کی اننگز کے بعد گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعہ کو خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو آٹھ رنز سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا، جہاں اس کا مقابلہ جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے 128 رنز کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے تیسرے ہی اوور میں کیانا جوزف (12) کا وکٹ گنوا دیا۔ کیانا کو ایڈن کارسن نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد شمین کیمبل (تین) کو بھی کارسن نے آؤٹ کیا۔ ہیلی میتھیوز (15)، اسٹیفنی ٹیلر (13) اور عالیہ ایلن (چار) اور شاڈین نیشن (0) پر آؤٹ ہوئیں۔ ڈینڈرا ڈوٹن نے 22 گیندوں میں دو چھکے لگا کر 33 رنز بنائے۔ جیڈا جیمز (14) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ایفی فلیچر نے 17 رنوں کی اننگز کھیلی لیکن آخری اوور میں رنز نہ بنا پانے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر صرف 120 رن ہی بنا سکی اور میچ آٹھ رنز سے ہار گئی۔ نیوزی لینڈ کے ایڈن کارسن کو ان کی بہتر گیند بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا جنہوں نے چار اوورز میں 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈن کارسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ امیلیا کیر کو دووکٹ ملے۔ فران جونز، سوزی بیٹس اور لیا تاہوہو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل آج نیوزی لینڈ نے جارجیا پیلمر (33)، سوزی بیٹس (26) اور ازابیلا گیج (ناٹ آؤٹ 20) کی رنز کی اننگز کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیا تھا۔ نیوزی لینڈ کی کپتان سوفی ڈیوائن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سوزی بیٹس اور جارجیا پیلمر کی اوپننگ جوڑی نے سست لیکن اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے 48 رنز جوڑے۔ نویں اوور میں کرشمہ رامہائیرک نے سوزی بیٹس (26) کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ 12ویں اوور میں امیلیا کیر (سات) کو ڈینڈرا ڈوٹن نے آؤٹ کیا۔ بروک ہالیڈے (18)، سوفی ڈیوائن (12)، میڈی گرین (تین)، روزمیری مائر (دو) اور لیا تاہوہو (6) رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ جارجیا پلمر نے 31 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 33 رنز بنائے۔ ازابیلا گیج نے (ناٹ آؤٹ 20) رنوں کی اننگ کھیلی۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 128 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈینڈرا ڈوٹن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ ایفی فلیچر کو دو وکٹ ملے۔ کرشمہ رامہائیرک اور عالیہ اولن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

Source: uni news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments