National

وجئے پورہ ضلع کے گوندپور گاوں میں فائرنگ، چھ افراد ہلاک

وجئے پورہ ضلع کے گوندپور گاوں میں فائرنگ، چھ افراد ہلاک

شولاپور / وجئے پورہ، 29 مئی: وجئے پورہ ضلع کے مہاراشٹر سرحد سے متصل چڈچن تعلقہ کے گوندپور گاوں میں جمعہ کی شام پیش آنے والے اجتماعی قتل کے ایک ہولناک واقعے نے بھیماتیر علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی ہے ۔ فائرنگ کے اس واقعے میں مبینہ طور پر چھ افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق گاوں میں نرالے اور گلگی (گولگی) خاندانوں کے درمیان زمین کے تنازعے کو لے کر طویل عرصے سے اختلافات جاری تھے ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ خونریز حملہ اسی پرانی دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آور گاوں میں داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس ہولناک حملے میں چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔ مرنے والوں کی شناخت ریونسدھپا نرالے ، ڈنڈپا ریونسدھپا نرالے ، شیوپتر ریونسدھپا نرالے ، چندرشیکھر نرالے ، شبیر عطار اور ایک دیگر شخص کے طور پر ہوئی ہے ، تاہم چھٹے مقتول کی شناخت کی سرکاری طور پر ابھی تک تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔ واقعے کے بعد پورے گا¶ں میں کشیدگی پھیل گئی جبکہ سرحدی علاقوں کے رہائشیوں میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا۔ گوندپور اور اس کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ اس دل دہلا دینے والے قتلِ عام نے وجئے پورہ ضلع میں سنسنی پھیلا دی ہے اور مقامی سطح پر بھیماتیر خطے میں ایک بار پھر خونریز تصادمات کے خدشات پر بحث شروع ہو گئی ہے ۔ پولیس نے ابھی تک واقعے کے محرکات اور تمام مقتولین کی تفصیلات سے متعلق مکمل سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے ، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔

Source: UNI NEWS

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments