نیو ٹاون میں 5 ایکڑ زمین پر تعمیر ہوگا نیا پنچایت بھون، وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کا اعلان
پنچایت محکمہ میں بڑے پیمانے پر نئی بھرتیوں کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے نئے پنچایت بھون کی تعمیر کا بھی اعلان کیا ہے۔ مستقبل میں پنچایت محکمہ کے کام کاج کا بہتر طریقے سے جائزہ لینے کے لیے نیو ٹاو¿ن میں نیا دفتر تعمیر کیا جائے گا۔ دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور پنچایتی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے ریاستی حکومت نے کئی اہم اعلانات کیے ہیں۔
بدھ کے روز بدھان نگر میں پنچایت اور دیہی ترقیات کے محکمے کی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے کئی منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔ اس میٹنگ میں پنچایت اور دیہی ترقیات کے وزیر دلیپ گھوش، زراعت کے وزیر دودھ کمار منڈل، پنچایت کے وزیر مملکت شانتنو پرامانک سمیت محکمے کے دیگر افسران موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، ”پنچایت بھون میں آکر میں ریاستی حکومت کی جانب سے پنچایت محکمہ کو ایک تحفہ دے رہا ہوں۔ نئے پنچایت بھون کی تعمیر کے لیے نیو ٹاو¿ن میں مجوزہ کلکتہ ہائی کورٹ اور اسمبلی کی عمارت کے قریب پانچ ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی، جہاں مکمل پنچایت بھون تعمیر کیا جائے گا۔“
انہوں نے مزید کہا، ”ہم آٹھ ماہ کے ووٹ آن اکاو¿نٹ کے ساتھ حکومت میں آئے ہیں، ہمیں 12 ماہ نہیں ملے۔ ہمارے پاس پانچ ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے۔ ہم 22 کروڑ کا ہدف پورا کریں گے، 12 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کا صحیح استعمال کریں گے اور مغربی بنگال کے پنچایت و دیہی ترقیات کے محکمے کو پورے ملک کے لیے ایک مثال بنائیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ ریاست کے اہم محکموں میں پنچایت اور دیہی ترقیات کا محکمہ کارکردگی کے معاملے میں پہلے مقام پر پہنچے گا۔“
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نئی ریاستی حکومت کے تحت ’وی بی جی رام جی‘ اسکیم کے ذریعے 22 لاکھ لوگوں کو روزانہ روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت نیو ٹاو¿ن میں پانچ ایکڑ زمین پر نیا پنچایت بھون تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس عمارت سے پنچایت اور دیہی ترقیات سے متعلق انتظامی امور کو زیادہ منظم انداز میں چلایا جائے گا۔
روزگار کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ریاست کے لیے 22 کروڑ یومِ مزدوری پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس منصوبے کے لیے 22 ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق، مرکز کی جانب سے اب تک ریاست کو 1,200 کروڑ روپے بھیجے جا چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا دعویٰ ہے کہ ریاستی حکومت اب تک 65 لاکھ 62 ہزار یومِ مزدوری پیدا کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ فی الحال روزانہ اوسطاً تقریباً سات لاکھ یومِ مزدوری پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وقت کم ہونے کے باوجود حکومت مرکز کی جانب سے مقرر کردہ مکمل ہدف حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پنچایتی نظام میں ملازمین اور انجینئروں کی کمی دور کرنے کے لیے بھی ایک بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بلاک سطح پر طویل عرصے سے خالی پڑے عہدوں کو پ±ر کرنے کے لیے مجموعی طور پر 7,190 عہدوں پر بھرتی کا عمل شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ تقرری سے متعلق قانونی کارروائی آگے بڑھانے کے لیے دیوالی کی تعطیلات کے بعد اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کی بات بھی کہی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ اس اجلاس میں تقرری سے متعلق بل پیش کیا جائے گا۔
مجموعی طور پر ریاستی حکومت روزگار، انتظامی بنیادی ڈھانچے اور شفاف تقرری کے تین اہم شعبوں پر توجہ دیتے ہوئے پنچایت اور دیہی ترقیات کے محکمے کے کام کاج کو تیز کرنا چاہتی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر اعلان کردہ اہداف پر عمل درآمد ہوا تو دیہی معیشت اور پنچایتی خدمات میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاست میں مختلف دیہی روزگار اسکیموں کے تحت تقریباً 12,700 کروڑ روپے کے کاموں کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں سے تقریباً 8,500 کروڑ روپے مرکز فراہم کرے گا، جبکہ باقی رقم کا بڑا حصہ ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ مرکز کی جانب سے پہلے مرحلے میں تقریباً 1,200 کروڑ روپے پہلے ہی دیے جا چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے دعوے کے مطابق، فی الحال روزانہ تقریباً 7 لاکھ 9 ہزار یومِ مزدوری پیدا ہو رہی ہے۔ اب تک تقریباً 65 لاکھ 62 ہزار یومِ مزدوری پیدا کی جا چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ آدھار اور کے وائی سی سے منسلک کرنے کے عمل کے دوران تقریباً 31 لاکھ فرضی جاب کارڈ منسوخ کیے گئے ہیں۔ ان کے دعوے کے مطابق، نئے جاب کارڈ جاری کرنے کے لیے مرکزی حکومت کی منظوری ملنے کے بعد جن کلیان شیور، سیوا سیتو اور سنکلپ مہم کے ذریعے تقریباً 10 لاکھ نئے جاب کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔
پردھان منتری گرامین آواس یوجنا کے تحت مکانات کی تعمیر کے معاملے میں بھی وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے۔ ابتدائی سروے میں 54 لاکھ مکانات کے نام سامنے آئے تھے، لیکن بعد کی جانچ کے بعد یہ تعداد گھٹ کر تقریباً 47 لاکھ رہ گئی۔ انہوں نے آئندہ دو مالی سال کے اندر تمام مکانات کی تعمیر مکمل کرنے کا عہد کیا ہے۔
پنچایت محکمہ میں ملازمین کی کمی دور کرنے کے لیے بھی بڑا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی کابینہ نے تقریباً 7,200 مستقل عہدوں پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے شفاف طریقے سے بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ہدف ہے کہ اپریل 2027 تک تقرری کا پورا عمل مکمل کر لیا جائے۔
اس کے علاوہ ایک سال کے لیے مزید 1,000 کنٹریکٹ ملازمین بھرتی کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دیوالی کے بعد اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں تقرری سے متعلق ضوابط میں ترمیم کرنے کی بات بھی کہی ہے۔
نیو ٹاون میں 5 ایکڑ زمین پر تعمیر ہوگا نیا پنچایت بھون، وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کا اعلان...
Source: Admin