National

ہندستان اور اسرائیل 'خصوصی اسٹریٹجک پارٹنر' بن گئے ، آزادانہ تجارت کے معاہدے پر جلد اتفاق

ہندستان اور اسرائیل 'خصوصی اسٹریٹجک پارٹنر' بن گئے ، آزادانہ تجارت کے معاہدے پر جلد اتفاق

یروشلم، 26 فروری : وزیراعظم نریندر مودی کے تاریخی دورہ اسرائیل کے دوران ہندستان اور اسرائیل نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو 'خصوصی اسٹریٹجک پارٹنرشپ' کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے اور باہمی آزادانہ تجارت کے معاہدے (ایف ٹی اے ) کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ مسٹر مودی کے جمعرات کو مکمل ہوئے دو روزہ تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک نے ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے شعبوں، نایاب معدنیات، زراعت، ایٹمی توانائی، اسلحہ سازی کے نظام کی مشترکہ تیاری، سرمایہ کاری اور انسانی وسائل کی نقل و حرکت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔ اس دورے کے دوران 17 معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 10 اعلانات کیے گئے ، جن میں ہندوستان کے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام 'یو پی آئی' کو اسرائیل میں نافذ کرنے کا معاہدہ بھی شامل ہے ۔ "دورے کے دوسرے دن وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے بعد، وزیراعظم مودی اور میزبان وزیراعظم (بنیامین نیتن یاہو) نے مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کی گہری دوستی کو باہمی اعتماد پر مبنی قرار دیتے ہوئے اسے مزید وسیع اور مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔" دونوں ممالک نے دہشت گردی کو کسی بھی شکل میں ناقابل قبول بتاتے ہوئے اس کا مقابلہ کرنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں مسٹر مودی نے اپنے بیان میں ہندوستان کے مفادات کے حوالے سے انتہائی اہم خطے ، مغربی ایشیا میں امن اور استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں تنازعات کے مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جانا چاہیے ۔ مسٹر مودی نے کہا کہ "ہندوستان اور اسرائیل کے تعلقات گہرے اعتماد، مشترکہ جمہوری اقدار اور انسانی ہمدردی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔ ہمارے رشتے وقت کی ہر کسوٹی پر کھرے اترے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ "آج ہم نے اپنی اس آزمودہ شراکت داری کو 'خصوصی اسٹریٹجک پارٹنرشپ' کا درجہ دینے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے عوام کی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے ۔" وزیراعظم نے ہندوستان۔ اسرائیل تعاون کو اقتصادی ترقی، اختراع اور مشترکہ خوشحالی کو فروغ دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کی میٹنگ میں دونوں فریقین نے باہمی تعاون کو نئی سمت اور تیز رفتار دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے گزشتہ سال دوطرفہ سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا تھا اور اب "ہم جلد ہی ایک باہمی طور پر سودمند آزادانہ تجارت کے معاہدے کو بھی حتمی شکل دیں گے ۔" وزیراعظم نریندر مودی نے ٹیکنالوجی کو دونوں ممالک کی مستقبل کی شراکت داری کا محور قرار دیتے ہوئے کہا کہ "آج ہم نے اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبے میں شراکت داری قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے مصنوعی ذہانت، کوانٹم کمپیوٹنگ اور نایاب معدنیات جیسے شعبوں میں تعاون کو نئی تحریک ملے گی۔" وزیراعظم نے اسرائیل میں یو پی آئی کے استعمال سے متعلق معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈیجیٹل صحت کے شعبے میں بھی ہندوستان اور اسرائیل اپنے تجربات کا تبادلہ کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کی طویل اور کامیاب تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ان کے اس دورے میں دونوں فریقین نے زراعت کے شعبے میں اس تعاون کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق بنانے کا عزم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ "اسرائیل کے تعاون سے ہندوستان میں قائم کیے گئے زراعت سے متعلق 'سینٹرز آف ایکسی لینس' آج ہماری دوستی کی بہترین مثال ہیں۔ ان کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ، ہم نے ان کی تعداد 100 تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔" وزیراعظم نریندر مودی نے غزہ امن منصوبے کے لیے ہندوستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس دورے کے دوران وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیل کے عوام کی جانب سے ملنے والی محبت احترام کے لیے میزبان وزیراعظم اور وہاں کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ مسٹر مودی اس سے قبل نو سال پہلے اسرائیل کے دورے پر آئے تھے ، جو کسی بھی ہندوستانی وزیراعظم کا اس ملک کا پہلا دورہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ "ایک بار پھر اسرائیل کی تاریخی سرزمین پر قدم رکھنا میرے لیے فخر اور جذبات سے بھرپور لمحہ ہے ۔" وزیراعظم نے دورے کے پہلے دن اسرائیل کی پارلیمنٹ 'نیسیٹ' سے خطاب کیا، جہاں انہیں 'اسپیکر آف نیسیٹ میڈل' سے نوازا گیا۔ مسٹر مودی نے اس اعزاز کے لیے اپنے دوست وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیل کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس باوقار اعزاز کو ہندوستان کی 140 کروڑ عوام اور ہند-اسرائیل دوستی کے نام وقف کیا۔

Source: UNI NEWS

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments