National

منریگا ترمیمی بل غریبوں کے روزگار پر حملہ اور مہاتما گاندھی کے نظریات کی توہین: راہل گاندھی

منریگا ترمیمی بل غریبوں کے روزگار پر حملہ اور مہاتما گاندھی کے نظریات کی توہین: راہل گاندھی

کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے منریگا میں مجوزہ ترمیمی بل پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مودی حکومت پر غریب دشمن پالیسی اپنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو دو چیزوں سے گہری نفرت ہے، ایک مہاتما گاندھی کے نظریات اور دوسری غریبوں کے حقوق۔ ان کے مطابق منریگا نہ صرف مہاتما گاندھی کے ’گرام سوراج‘ کے تصور کی جیتی جاگتی مثال ہے بلکہ دیہی ہندوستان کے کروڑوں خاندانوں کے لیے زندگی کی ڈور ثابت ہوئی ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ منریگا نے کورانا کی وبا کے دوران ایک مضبوط معاشی تحفظ فراہم کیا اور اس مشکل وقت میں دیہی معیشت کو سنبھالا دیا مگر اس کے باوجود گزشتہ دس برسوں میں مودی حکومت نے منظم طریقے سے اس اسکیم کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب حکومت کا مقصد منریگا کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے تاکہ غریبوں کے روزگار کے حق کو سلب کیا جا سکے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ منریگا کی بنیاد 3 بنیادی اصولوں پر رکھی گئی تھی، جن میں کام کا حق، دیہی سطح پر خود مختاری اور مرکزی حکومت کی جانب سے مکمل اجرتی ذمہ داری شامل ہے۔ راہل گاندھی کے مطابق یہی اصول منریگا کو ایک فلاحی اسکیم سے بڑھ کر آئینی اور سماجی تحفظ کا ذریعہ بناتے ہیں۔ تاہم موجودہ حکومت اس ڈھانچے کو توڑ کر اسے مرکز کے کنٹرول کا آلہ بنانا چاہتی ہے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ نئی ترمیم کے تحت بجٹ، منصوبہ بندی اور قواعد مرکز کے ذریعے طے کیے جائیں گے، جس سے ریاستوں اور گاؤں کی خود مختاری ختم ہو جائے گی۔ ان کے مطابق ریاستوں پر مالی بوجھ ڈال کر غریبوں کے روزگار کی ضمانت کو کمزور کیا جا رہا ہے اور فنڈ ختم ہونے یا فصل کی کٹائی کے موسم میں مزدوروں کو مہینوں تک کام سے محروم رکھا جا سکے گا۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments