National

مہاراشٹرا کے ستارہ ضلع میں دو سال بعد کورونا کی واپسی، عوام سےاحتیاط کی اپیل

مہاراشٹرا کے ستارہ ضلع میں دو سال بعد کورونا کی واپسی، عوام سےاحتیاط کی اپیل

ممبئی ، 31 مئی: ڈھائی سال کے وقفے کے بعد مہاراشٹرا کے ستارہ ضلع میں کورونا وائرس کے مریض دوبارہ سامنے آ گئے ہیں۔ ستارہ اور کراڑ کے مختلف اسپتالوں میں دو افراد زیر علاج ہیں جن میں سے ایک 70 سالہ خاتون کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے جبکہ دوسرا مریض 40 سالہ مرد ہے جو سہیادری اسپتال کراڑ میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت بہتر ہے۔ ان دونوں کیسز نے صحت کے عملے کو چوکنا کر دیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ایک مریض کرانتی سنگھ نانا پاٹل ڈسٹرکٹ اسپتال ستارہ میں داخل ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ مذکورہ خاتون فالج کے سبب پہلے سے بیمار تھی اور بیماری کے آخری مرحلے میں اسپتال میں داخل کی گئی۔ دوسری جانب ڈاکٹر یوراج کرپے نے بتایا کہ کراڑ کا مریض کسی اضافی بیماری میں مبتلا نہیں اور اس کی طبیعت اطمینان بخش ہے۔2020 میں ستارہ ضلع میں کورونا کا پہلا کیس درج ہوا تھا، جس کے بعد دو برس کے عرصے میں دو لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے اور کئی اموات ہوئیں۔ تاہم 2022 کے دوسرے نصف سے کورونا کیسز آنا بند ہو گئے تھے۔ اب دوبارہ کیسز کا سامنے آنا محکمہ صحت کے لیے چیلنج ہے۔ ضلع اسپتال نے فوری طور پر علیحدہ وارڈ قائم کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ اسپتال ستارہ میں 20 بستروں پر مشتمل آئی سی یو یونٹ بھی مخصوص کیا گیا ہے جہاں وینٹی لیٹر، آکسیجن اور تمام ضروری ادویات دستیاب ہیں۔ ڈاکٹر کرپے کے مطابق اسپتال میں موجود عملے کو کووڈ-19 اور کووڈ-2 دونوں کا تجربہ ہے اور وہ مکمل تیاری کے ساتھ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ شہریوں کو ویکسین دی گئی ہے، ان کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ کورونا کی موجودہ لہر میں مخصوص علامات ظاہر نہیں ہوتیں لیکن عام علامات میں سردی، بخار، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں۔ڈاکٹر کرپے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرہجوم مقامات سے گریز کریں، ماسک پہنیں، صابن سے ہاتھ دھوئیں اور وہی احتیاط برتیں جو کورونا وبا کے دوران کی جاتی تھیں۔

Source: uni urdu news service

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments