National

کویت کے ہوائی اڈے پر حملے کی ہندستان نے کی مذمت، ہندستانی شہری کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس

کویت کے ہوائی اڈے پر حملے کی ہندستان نے کی مذمت، ہندستانی شہری کی ہلاکت پر اظہارِ افسوس

نئی دہلی: کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ہوئے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ہندستان نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔ حملے میں ایک ہندستانی شہری کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے متاثرہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں حکومت پوری طرح ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے دوران ہندوستان مسلسل اس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ عام شہریوں اور شہری تنصیبات کو کسی بھی صورت میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ ہندوستان نے ایک بار پھر تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ایسے حملوں کو فوری طور پر روکنے کی اپیل کی ہے۔ کویت میں موجود ہندوستانی سفارت خانے نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے حملے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی شہری کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ سفارت خانے کے مطابق وہ متاثرہ خاندان کے رابطے میں ہے اور کویتی حکام کے ساتھ مل کر زخمیوں اور متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سفارت خانہ زخمی ہندوستانی شہریوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور انہیں طبی سہولتوں، ضروری دستاویزی کارروائی اور دیگر درکار امداد کی فراہمی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ہندوستانی حکام مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔ کویت کے حکام کے مطابق بدھ کی صبح کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے مسافر ٹرمینل نمبر ایک کو میزائلوں اور ڈرونوں سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا اور بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے۔ کویت کی وزارتِ صحت کے مطابق زخمیوں کی تعداد تریسٹھ تک پہنچ چکی ہے جبکہ متعدد افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ کئی ہنگامی جراحی کارروائیاں بھی انجام دی گئی ہیں۔ کویت کی وزارتِ خارجہ نے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔ دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ اس نے خطے میں اپنی سلامتی سے متعلق خدشات کے تناظر میں کارروائی کی، تاہم کویت نے ایران کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ اس کی سرزمین یا فضائی حدود کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کی جا رہی ہیں۔ ہندوستانی حکومت نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں موجود تمام ہندوستانی سفارتی مشنوں اور سفارت خانوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت نے یقین دلایا کہ خطے میں مقیم ہندوستانی شہریوں کی سلامتی اور ضروری مدد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Source: Social Media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments