National

’گیانیش کمار جی، یہ ثبوت کافی ہیں؟‘ ووٹ چوری کے تازہ معاملہ پر کانگریس کا سوال، راہل گاندھی کا رد عمل بھی آیا سامنے

’گیانیش کمار جی، یہ ثبوت کافی ہیں؟‘ ووٹ چوری کے تازہ معاملہ پر کانگریس کا سوال، راہل گاندھی کا رد عمل بھی آیا سامنے

کانگریس پارٹی ’ووٹ چوری‘ کا معاملہ مستقل شدت کے ساتھ اٹھا رہی ہے، لیکن الیکشن کمیشن اس کی جانچ کرنے کی جگہ ٹال مٹول والا رویہ اختیار کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر مبینہ ووٹ چوری کا ایک تازہ معاملہ تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے، جس میں ایک ہی شخص 3 مختلف ریاستوں میں ووٹنگ کے بعد اس کی جانکاری سوشل میڈیا پر دیتا ہے۔ اس مبینہ ’ووٹ چوری‘ کی جانکاری کانگریس نے بھی اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی ہے۔ کانگریس نے اجیت جھا نامی ایک شخص کے ذریعہ سوشل میڈیا پر جاری 3 مختلف پوسٹس کے اسکرین شاٹ شیئر کیے ہیں۔ اس میں ظاہر ہو رہا ہے کہ اجیت نے ہریانہ، دہلی اور بہار تینوں جگہ انتخاب میں ووٹ ڈالے ہیں۔ اس پوسٹ کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ اجیت جھا ہیں۔ اجیت نے ہریانہ انتخاب، دہلی انتخاب اور اب بہار انتخاب میں ووٹ دیا ہے۔‘‘ کانگریس نے مزید ایک انکشاف کرتے ہوئے لکھتی ہے کہ ’’اجیت جھا کے والد متھلیش جھا کے بھی 3 ووٹر آئی ڈی ہیں۔‘‘ اس ووٹ چوری کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی ہدف بنایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’یہ ہے نریندر مودی اور الیکشن کمیشن کی ’ووٹ چوری ویوستھا‘۔ آدمی 1، ووٹ 3۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی لکھا ہے کہ ’’اسی ’ووٹ چوری ویوستھا‘ کا پردہ فاش حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ اب ’ووٹ چوری‘ کی یہ ’ویوستھا‘ (انتظام) سب کے سامنے ہے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں کانگریس نے یہ سوال بھی پوچھا ہے کہ ’’گیانیش کمار جی، یہ ثبوت کافی ہیں؟‘‘ راہل گاندھی نے اس پوسٹ میں ’لائیو لاء ڈاٹ اِن‘ انگریزی پورٹل کی ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی پیش کیا ہے۔ اس خبر کے عنوان کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ کو مطلع کیا ہے کہ 2024 لوک سبھا انتخاب کا سی سی ٹی وی فوٹیج اب ضلع انتخابی افسران کے پاس موجود نہیں ہیں، انھیں ختم کر دیا گیا ہے۔ ووٹ چوری کے اس تازہ معاملہ پر لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی اپنا رد عمل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کے ذریعہ جاری کردہ پوسٹ کو ’ری-پوسٹ‘ کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کے لاکھوں لوگ کھلے عام الگ الگ ریاستوں میں گھوم گھوم کر ووٹ ڈالتے ہیں، اور اس چوری کو چھپانے کے لیے سارے ثبوت مٹا دیے جاتے ہیں۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر کھلے عام ووٹ چوری کر رہے ہیں۔ جمہوریت کا قتل براہ راست چل رہا ہے۔‘‘

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments