National

فی الحال کرناٹک میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی نہیں ہوگی: کھرگے

فی الحال کرناٹک میں وزیر اعلیٰ کی تبدیلی نہیں ہوگی: کھرگے

کلبُرگی، 30 اپریل: ملیکار جن کھرگے ، صدر انڈین نیشنل کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ فی الحال کرناٹک میں وزیر اعلیٰ کے عہدے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، تاہم انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ قیادت کا مسئلہ جلد حل کر لیا جائے گا۔ کھرگے کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب کانگریس اور سیاسی حلقوں میں قیادت کی ممکنہ تبدیلی اور کابینہ میں رد و بدل کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں، خاص طور پر 4 مئی کے بعد جب چار ریاستوں اور ایک مرکزی زیر انتظام علاقے کے اسمبلی انتخابات کے نتائج اور کرناٹک کی دو اسمبلی نشستوں کے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوگا۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے حامی ان کو وزیر اعلیٰ بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس کی بنیاد 2023 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے وقت مبینہ پاور شیئرنگ معاہدے کو بتایا جا رہا ہے ، جب موجودہ وزیر اعلیٰ سدارامیا نے عہدہ سنبھالا تھا۔ صحافیوں کے سوال پر، جس میں وزیر داخلہ جی پرمیشورا کی جانب سے انہیں وزیر اعلیٰ بنانے کی حمایت کا ذکر تھا، کھرگے نے کہاکہ "آپ (میڈیا)، وہ (پرمیشور) اور دیگر لوگ کہتے ہیں کہ اگر میں وزیر اعلیٰ بن جا¶ں تو بہتر ہوگا، لیکن میرے بارے میں فیصلے سونیا گاندھی میری نظریاتی وابستگی اور پارٹی کے لیے خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہیں۔" انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال قیادت میں کسی فوری تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کھرگے نے کہا کہ"اس وقت یہاں ایک وزیر اعلیٰ موجود ہیں۔ اگر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور میں مل کر کوئی فیصلہ کریں گے تو اس میں وقت لگے گا۔ ابھی انتظار کریں۔'' بدھ کے روز پرمیشور نے کہا تھا کہ اگر کھرگے وزیر اعلیٰ بنتے ہیں تو کانگریس کے تمام رہنما ان کا خیرمقدم کریں گے ۔

Source: UNI NEWS

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments