تل ابیب: انتخابات میں شکست کے خوف سے جھوجھتے نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مخصوص الفاظ میں حمایتی بیان جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیوس نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو منگل کو ہونے والے انتخابات میں اپنی سیاسی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، گزشتہ چند روز کے دوران دو مرتبہ انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے درخواست کی ہے کہ وہ ان کی انتخابی مہم کی مزید کھل کر عوامی حمایت کریں۔
نیوز ادارے نے رپورٹ کیا کہ وائٹ ہاؤس نیتن یاہو کی اس جارحانہ لابنگ کو مایوسی کی علامت سمجھتا ہے، اور اس بات کا اشارہ بھی کہ نیتن یاہو کو نظر آ رہا ہے کہ وہ انتخابی مقابلے میں پیچھے ہیں۔
نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کی ترجمان نیتا مولچو نے اس بات کی تردید کی کہ وزیر اعظم نے ’’گزشتہ چند روز کے دوران یا اپنی حمایت میں ٹرمپ کے بیان سے پہلے‘‘ ان سے انتخابی مہم کی حمایت کرنے کی درخواست کی تھی۔
تاہم ٹرمپ نے دو ہفتے قبل نیوزمیکس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل میں لوگوں نے ان سے نیتن یاہو کی حمایت میں مداخلت کرنے کے لیے کہا تھا۔ امریکی ذرایع کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے گزشتہ 3 روز کے دوران ٹرمپ سے 2 مرتبہ بات کی ہے، اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ گزشتہ ہفتے ٹروتھ سوشل پر نیتن یاہو کی حمایت میں کی گئی اپنی پوسٹ کی حمایت کو مزید مضبوط کریں۔
ذرایع نے یہاں تک بتایا کہ نیتن یاہو نے حمایت کے مزید بیانات کے لیے الفاظ اور عبارت بھی تجویز کی ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم نے تجویز دی کہ ٹرمپ اسرائیلی صحافیوں سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کریں تاکہ ان کی مزید حمایت کا اظہار کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کی شام ٹرمپ نے نیتن یاہو کی حمایت میں ایک اور بیان جاری کر دیا ہے اور اسرائیلیوں سے انھیں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا ’’جیسا کہ ہر کوئی جانتا ہے، حتیٰ کہ دشمن بھی، بی بی اور میرے تعلقات بہت اچھے رہے ہیں اور ہم نے مل کر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔۔۔ جب آپ ووٹ ڈالنے جائیں تو براہِ کرم یاد رکھیے کہ بی بی ایک غیرمعمولی جنگجو وزیر اعظم رہے ہیں!‘‘
تل ابیب: انتخابات میں شکست کے خوف سے جھوجھتے نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مخصوص الفاظ میں حمایتی بیان جاری کرنے کی درخواست کی ہے۔...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments