بنگال کے 8پولس افسروں کو میڈل برائے مہارت ملا
بنگال کے 8 پولیس افسران کو مرکزی وزیر داخلہ میڈل برائے مہارت سے نوازا گیا ہے۔ ’مردِ آہن‘ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یومِ پیدائش کے موقع پر مرکزی وزارت داخلہ یہ اعزاز دیتی ہے۔ اب تک ریاست اور مرکز کے درمیان خوشگوار تعلقات نہ ہونے کی وجہ سے ریاست ان افسران کے نام نہیں بھیجتی تھی! لیکن بدلتے بنگال میں یہ دوری ختم ہوگئی ہے۔ ریاست نے ناموں کی فہرست بھیجی اور اسی کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی!
جاری کردہ فہرست کے مطابق یہ اعزاز سب انسپکٹر مانس چندر دتہ، جینت کمار چکرورتی، تینزنگ بھوٹیا، شنکر ڈے، چانکو بھوٹیا، کوشک باسک، سمیر گھوش اور انسپکٹر رام گوپال پال کو ملا ہے۔ جینت کمار چکرورتی پرولیا ضلع پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ میں آفیسر انچارج کے عہدے پر تعینات ہیں، جبکہ مانس چندر دتہ بانڈوان تھانے میں سب انسپکٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز ہر روز عوام کی حفاظت کے لیے کام کرتی ہیں۔ ڈیوٹی کے دوران چوروں، ڈاکوو¿ں اور جرائم پیشہ افراد سے نمٹنے کے علاوہ پولیس افسران کو مختلف مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کی ذہانت اور اپنے کام کے تئیں لگن کو معیار بنا کر مرکزی حکومت یہ اعزاز دیتی ہے۔
اس سال اسپیشل آپریشنز، جیسے دہشت گردی کے خاتمے اور نکسل مخالف کارروائیوں کے زمرے میں 358 افراد کو یہ میڈل دیا گیا ہے۔ پیچیدہ جرائم کے معاملات میں مہارت کا مظاہرہ کرنے پر اس سال 123 پولیس افسران کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ خفیہ محکمہ میں بہادرانہ کارروائیوں اور مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر کل پانچ زمروں میں 490 پولیس افسران کو یہ اعزاز ملا ہے۔
اس مرتبہ سی آر پی ایف کے 114 اہلکاروں کو بھی اعزاز دیا گیا ہے۔ سی بی آئی سی کے 56 اہلکاروں کو یہ میڈل ملا ہے۔ پنجاب پولیس، دہلی پولیس اور جھارکھنڈ پولیس کے افسران بھی اس اعزاز سے نوازے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی کے 14 افسران کو بھی مرکزی وزیر داخلہ میڈل برائے مہارت سے سرفراز کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ اعزاز پہلی بار 2024 میں دیا گیا تھا۔ اس مرتبہ اس فہرست میں بنگال کے 8 افسران نے بھی جگہ بنائی ہے۔
بنگال کے 8پولس افسروں کو میڈل برائے مہارت ملا...
Source: Admin