درختوں کے پتوں پر دھول جمنے سے آکسیجن کی فراہمی میں کمی، فضائی آلودگی کے باعث صبح کی سیر بھی صحت کے لیے خطرناک
صرف یہی نہیں، بھاری ہوا کے دباو¿ کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ساتھ کاربن مونو آکسائیڈ اور سلفر ڈائی آکسائیڈ بھی زمین کی سطح کے قریب معمول سے کہیں زیادہ مقدار میں موجود ہیں۔
رابندر سروور یا وکٹوریہ میموریل کے باغات میں صبح کی سیر کے لیے جانے والے کولکاتا کے شہری آئندہ چند دنوں میں پھیپھڑوں، سانس کی نالی اور دل کی سنگین بیماریوں میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سرسبز گھاس سے ڈھکے نیشنل سروور اور وکٹوریہ کے باغات میں زمین کی سطح کے قریب موجود سرد ہوا میں گزشتہ کئی دنوں سے آلودہ باریک ذرات PM 2.5 کی مقدار معمول سے دو گنا سے بھی زیادہ ریکارڈ کی جا رہی ہے۔صرف یہی نہیں، بھاری ہوا کے دباو¿ کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ کے ساتھ کاربن مونو آکسائیڈ اور سلفر ڈائی آکسائیڈ بھی زمین کی سطح کے قریب بڑی مقدار میں گردش کر رہی ہیں۔منگل کی شام موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ سمندری طوفان ’اکھوان‘ کے اثر سے دہلی اور بہار کی آلودہ دھول سے بھری شمالی ہندوستان کی خشک، دھواں آلود سرد ہوائیں بڑی مقدار میں کولکاتا میں داخل ہو رہی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی شہرِ کولکاتا کے پرانے درختوں کے بیشتر سبز پتوں پر بڑی مقدار میں دھول جمع ہونے سے پتوں کے مسام بند ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر میں مجموعی طور پر آکسیجن کی پیداوار میں کافی کمی آئی ہے۔دھول کے اثرات اور چھٹھ پوجا کے دوران پٹاخے جلانے کی وجہ سے پتوں کا قدرتی نظامِ تنفس اور ضیائی تالیف (Photosynthesis) کا عمل متاثر ہوا ہے۔ اس کے نتیجے میں شہر کی فضا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب ہونے کی صلاحیت بھی کافی کم ہو گئی ہے۔ کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے ماہرینِ نباتات نے بھی اس بات کو تسلیم کیا ہے۔
اسی وجہ سے ماہرین ماحولیات نے آئندہ چند دنوں تک صرف کولکاتا اور ہاوڑہ ہی نہیں بلکہ آسنسول اور درگاپور میں بھی صبح کی سیر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ والدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ صبح کے وقت بچوں کو اسکول بھیجتے ہوئے ماسک ضرور پہنائیں۔
ایک سروے کے مطابق، اس وقت سندربن کے اسکول جانے والے بچوں میں جہاں 24 فیصد بچے پھیپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، وہیں کولکاتا میں یہ تعداد 65 فیصد ہے۔ ماہرینِ امراضِ سینہ کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے باعث سگریٹ نہ پینے والے افراد میں سے بھی 70 فیصد پھیپھڑوں کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔صبح کی سیر کرنے والوں کی جنت اور شہر کے پھیپھڑوں کے نام سے مشہور کولکاتا کے ان علاقوں میں منگل کے روز بھی فضائی آلودگی کی سطح خطرناک حد سے کافی زیادہ رہی۔منگل کی صبح 8 بج کر 30 منٹ پر ہوا میں PM 2.5 باریک ذرات کی مقدار رابندر سروور میں 168، وکٹوریہ کے باغات میں 212 اور شمالی کولکاتا میں رابندر بھارتی یونیورسٹی سے متصل میدان میں 219 ریکارڈ کی گئی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شہر میں PM 10 ذرات کی مقدار بھی 100 سے زیادہ تھی۔
ماہر ماحولیات سومندر موہن گھوش کا خیال ہے کہ اچانک فضائی آلودگی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ رابندر سروور، رابندر سدن سمیت شہر کے بڑے درختوں کے پتوں پر دھول جمع ہونا ہے، جس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے اور آکسیجن پیدا کرنے کا عمل متاثر ہوا ہے۔
ان کے مطابق، ”ہر سال شہر کے بڑے درختوں کے پتوں پر جمع ہونے والی دھول کو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پانی کی خصوصی مشینوں کے ذریعے دھویا جاتا تھا۔ اس سال یہ کام بند ہونے کی وجہ سے ہوا میں آلودگی کی مقدار کافی بڑھ گئی ہے۔“گزشتہ آٹھ برسوں سے نومبر شروع ہوتے ہی سدرن ایونیو، پی جی اسپتال اور رابندر سدن کے آس پاس کے علاقوں میں ضیائی تالیف کے عمل کو بہتر بنانے اور آکسیجن کی پیداوار بڑھانے کے لیے درختوں کے پتے دھونے کا کام کیا جاتا تھا۔
کووڈ کے دوران اور اس کے بعد بھی ہوا میں دھول کے ذرات کی مقدار کم کرنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں مسٹ کینن کے ذریعے پانی کی باریک پھوار چھڑکی جاتی تھی۔ الزام ہے کہ اس سال گلاب کے پانی کا چھڑکاو¿ تو کیا گیا، لیکن آلودگی کم کرنے کے لیے مسٹ کینن کا استعمال نہیں کیا گیا۔تاہم کولکاتا میونسپل کارپوریشن کی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر سمیتا پانڈے نے مسٹ کینن استعمال نہ کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے، ”گزشتہ اپریل سے ہی شہر میں ہوا کے اندر دھول کے ذرات کم کرنے کے لیے باقاعدگی سے مسٹ کینن کے ذریعے پانی چھڑکا جا رہا ہے۔ اسی لیے اس سال آلودگی کی سطح کافی کم ہے۔“البتہ کمشنر نے درختوں کے پتوں پر جمع دھول کو دھونے کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔درختوں کے پتوں پر پانی ڈالنے کا سلسلہ شروع کرنے والے سابق میئر اِن کونسل دیباشیش کمار نے کہا، ”شہر کو بچوں کے رہنے کے قابل بنانا ہے تو پتوں پر جمع دھول کو پانی سے دھونا انتہائی ضروری ہے۔“دوسری جانب ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش ہونے کے بعد ہی فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔
درختوں کے پتوں پر دھول جمنے سے آکسیجن کی فراہمی میں کمی، فضائی آلودگی کے باعث صبح کی سیر بھی صحت کے لیے خطرناک...
Source: Admin