National

دہلی جھلس رہی، اتر پردیش میں بھٹی جیسی تپش، پنجاب اور ہریانہ کا بھی برا حال

دہلی جھلس رہی، اتر پردیش میں بھٹی جیسی تپش، پنجاب اور ہریانہ کا بھی برا حال

ان دنوں پورا شمالی ہندوستان بھٹی بنا ہوا ہے، گویا آسمان سے آگ برس رہی ہو۔ دوپہر ہی نہیں، بوقت شب اور علی الصبح بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ہندستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی، اتر پردیش، پنجاب اور ہریانہ سمیت کئی ریاستوں کے لیے آئندہ 5 دنوں تک شدید گرم لہر (ہیٹ ویو) کا الرٹ جاری کیا ہے۔ یعنی لوگوں کو فی الحال گرمی سے راحت ملنے والی نہیں ہے۔ قومی راجدھانی دہلی اور اس کے قرب و جوار ان دنوں شدید گرمی کی زد میں ہیں۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق جمعہ (22 مئی) کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت ایک بار پھر 46 ڈگری سلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے بعد 23 سے 26 مئی کے درمیان بھی پارہ 44 سے 45 ڈگری کے آس پاس ہی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ یعنی دہلی والوں کو فی الحال اس جھلسا دینے والی گرمی اور شدید لُو سے راحت ملتی دکھائی نہیں دے رہی۔ اتر پردیش میں بھی گرمی نے لوگوں کی زندگی دشوار کر دی ہے۔ بدھ کے روز باندا ضلع میں درجۂ حرارت 48 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا تھا، جو معمول سے 4.5 ڈگری زیادہ ہے۔ یہ نہ صرف ریاست بلکہ پورے ملک میں سب سے زیادہ درجۂ حرارت رہا۔ لکھنؤ موسمی مرکز کے مطابق اتر پردیش کے کئی علاقوں میں فی الحال حالات بہتر ہونے کے آثار نہیں ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے اگلے 3 دنوں کے لیے یلو الرٹ اور اس کے بعد شدید گرمی کے پیش نظر اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ ہریانہ اور پنجاب میں بھی لُو کے تھپیڑوں سے لوگ جھلس رہے ہیں۔ آئی ایم ڈی کی تازہ رپورٹ کے مطابق ہریانہ کے روہتک اور پنجاب کے بھٹنڈہ میں درجۂ حرارت 46 ڈگری سلسیس سے تجاوز کر گیا ہے۔ دونوں ریاستوں میں مسلسل گرم ہوائیں چل رہی ہیں۔ مرکز کے زیر انتظام خطہ چندی گڑھ میں بھی زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 44.4 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حالانکہ جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش جیسے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور آندھی طوفان کے باعث کچھ حد تک راحت ملی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شمالی، مشرقی اور وسطی ہندوستان کے لیے شدید گرمی، حبس اور گرم راتوں کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔ پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں 24 سے 26 مئی تک شدید ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ چھتیس گڑھ، اڈیشہ، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 22 سے 24 مئی تک ہیٹ ویو کا اثر دیکھا جائے گا۔ اڈیشہ اور اتر پردیش میں راتیں بھی کافی گرم رہیں گی۔ کچھ اہم شہروں کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے بارے میں محکمہ موسمیات نے جو پیشین گوئی کی ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہندوستان کے بیشتر حصے پوری طرح گرمی کی زد میں ہیں۔ دی گئی جانکاری کے مطابق 22 مئی کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سلسیس، پٹنہ میں 40 ڈگری سلسیس، لکھنؤ میں 45 ڈگری سلسیس، جے پور میں 42 ڈگری سلسیس، بھوپال میں 43 ڈگری سلسیس، گیا میں 42 ڈگری سلسیس، کانپور میں 46 ڈگری سلسیس، وارانسی میں 45 ڈگری سلسیس، جودھ پور میں 42 ڈگری سلسیس، اندور میں 42 ڈگری سلسیس، اجین میں 42 ڈگری سلسیس، دہرادون میں 40 ڈگری سلسیس اور چنڈی گڑھ میں 42 ڈگری سلسیس رہ سکتا ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments