National

چھوٹے امام باڑے کو تجاوزات سے پاک کرانے کے معاملے میں ہائی کورٹ نے طلب کی رپورٹ

چھوٹے امام باڑے کو تجاوزات سے پاک کرانے کے معاملے میں ہائی کورٹ نے طلب کی رپورٹ

لکھنو 24 نومبر: ہائی کورٹ کی لکھنو بنچ نے چھوٹے امام باڑہ کو تجاوزات (غیر قانونی قبضوں) سے پاک کرانے کے معاملے میں میونسپل کارپوریشن سے اس کی جانب سے کی گئی کارروائی کی رپورٹ مانگی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) سے بھی چھوٹے امام باڑہ کے داخلی دروازوں کو محفوظ کرنے کی تفصیلات طلب کی ہیں۔عدالت نے اس معاملے کی اگلی سماعت جنوری میں طے کی ہے ۔ جسٹس راجن رائے اور جسٹس سبھاش ودیارتھی کی ڈویژن بنچ نے پیر کو یہ حکم سید محمد حیدر رضوی کی سال 2013 میں داخل کردہ مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) پر دیا۔ اس سے قبل، عدالت نے اس معاملے میں ریاستی حکومت اورنگر نگم کو شہر کی یادگاروں کی حفاظت اور انہیں تجاوزات سے پاک کرنے کا حکم دیا تھا۔ ساتھ ہی دونوں سے پوچھا تھا کہ لکھنو اور آس پاس کی یادگاروں کی حفاظت اور انہیں تجاوزات سے آزاد کرانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ عدالت نے معاملے میں ریاستی حکومت اورمیونسپل کارپوریشن سے جوابی حلف نامہ بھی طلب کیا تھا۔ عرضی میں یادگاروں کی سکیورٹی سمیت انہیں تجاوزات سے بچانے کی درخواست کی گئی ہے ۔ سماعت کے دوران اے ایس آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ چھوٹا امام باڑاسمیت محفوظ یادگاروں کی مرمت کا کام جاری ہے ۔ ایسے میں محفوظ یادگاروں کی دیکھ بھال نہ کیے جانے کا عرضی گزار کا خدشہ بے بنیاد ہے ۔ تاہم، وکیل نے تسلیم کیا تھا کہ چھوٹا امام باڑا کے کچھ حصوں پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ اس میں مغربی گیٹ اور کچھ دیواروں کی مرمت کیے جانے کی ضرورت بتائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب تک ان کی مکمل مرمت نہیں کی جاتی، تب تک ان کے گرنے کی صورت میں جانی نقصان ہو سکتا ہے ۔ اس دوران عدالت نے کہا تھا کہ ایسے میں یہ معاملہ، اے ایس آئی سمیت متعلقہ ٹرسٹ کے لیے فوری توجہ کے لائق ہے ۔ عدالت نے ضلع انتظامیہ سمیت مقامی حکام کو حکم دیا تھا کہ حسین آباد میں واقع چھوٹا امام باڑہ کے داخلی دروازوں کو تجاوزات کرنے والوں سے پاک کرائیں۔ واضح رہے کہ عدالت نے اسی سال سات جنوری کو شہر کی محفوظ یادگاروں کی حفاظت اورانہیں تجاوزات سے پاک کرنے کے معاملے میں ضلع انتظامیہ سمیت مقامی حکام کو حکم دیا تھا کہ حسین آباد میں واقع چھوٹا امام باڑاکے داخلی دروازوں کو تجاوزات کرنے والوں سے پاک کرائیں۔ عدالت نے اے ایس آئی کو چھوٹا امام باڑا کی مرمت کے کام کا تخمینہ بھی پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

Source: uni news

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments