National

بہار میں 121 اسمبلی حلقوں میں 06 نومبر کو ووٹنگ، 1314 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا ہوگا فیصلہ

بہار میں 121 اسمبلی حلقوں میں 06 نومبر کو ووٹنگ، 1314 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا ہوگا فیصلہ

پٹنہ، 05 نومبر : بہار میں پہلے مرحلے کے تحت 121 اسمبلی حلقوں میں جمعرات کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ہونے والی ووٹنگ میں تقریباً تین کروڑ 75 لاکھ ووٹر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے ذریعے 1314 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔ پہلے مرحلے کی پولنگ 06 نومبر کو صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک عام طور پر جاری رہے گی۔ تاہم سیکورٹی وجوہات کی بنا پر مونگیر ضلع کے تین حلقوں تاراپور، مونگیر اور جمالپورکے علاوہ سمری بختیارپور، مہشی اور سورج گڑھا کے 56 پولنگ مراکز پر ووٹنگ صرف صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک ہی ہوگی۔ بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) مسٹر ونئے کمار نے بتایا کہ کل ہونے والے پولنگ کے لیے وسیع تر حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین سطحی حفاظتی حصار میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران شر پسند عناصر پر سخت نگرانی رکھی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے پورے ریاست کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔ سیکوریٹی اہلکاروںکی تعیناتی کی جانکاری دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پولنگ مراکز اور اہم عمارتوں کی سیکوریٹی کیلئے سیکوریٹی فورسز کی 1650 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ ووٹنگ کے دوران نظم ونسق کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے گشت میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین ووٹرز کی سہولت اور تحفظ کے لیے مختلف اضلاع میں 35 ہزار سے زائد خاتون پولیس اہلکارتعینات کی گئی ہیں، جبکہ انتخابی عمل کے متعدد حساس مقامات پر خاتون افسران کو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ مزید برآں، پولنگ مراکز اور ان کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی گئی ہے اور اہم راستوں پر اضافی پولیس فورس کو تعینات کیاگیا ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ہجوم پر قابو پانے اور کسی ہنگامی صورت حال میں فوری کارروائی کے لیے گھڑ سوار پولیس بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ حساس اضلاع اور انتخابی حلقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان علاقوں میں اضافی سیکورٹی کمپنیاں لگائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جرائم پیشہ پس منظر رکھنے والے امیدواروںکی سرگرمیوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے اور ویڈیو نگرانی ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کثیر سطحی تحفظ، ریئل ٹائم نگرانی اور گشت کے سخت انتظامات کے ساتھ بہار پولیس کا مقصد ریاست بھر میں پرامن اور بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے انتخابات کرانا ہے ۔

Source: uni news

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments