National

بہار: بھوجپور میں تیز رفتار اسکارپیو-کنٹینر کے مابین زبردست تصادم، 3 افراد کی موت

بہار: بھوجپور میں تیز رفتار اسکارپیو-کنٹینر کے مابین زبردست تصادم، 3 افراد کی موت

بہار کے بھوجپور ضلع کے بہیا تھانہ علاقہ میں اتوار کی صبح ایک درد ناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں 3 افراد کی موت ہو گئی، جبکہ ایک دیگر شخص کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ یہ حادثہ بہیا چورستہ فور لین سڑک پر واقع امرائی نوادہ میں واقع راہی ہوٹل کے قریب اس وقت پیش آیا، جب بکسر سے آرا کی طرف آنے والی ایک تیز رفتار اسکارپیو نے بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڑے ٹریلر (کنٹینر) کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد موقع پر افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے کافی مشقت کر کے اسکارپیو میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا۔ زخمی شخص کو پہلے بہیا کے طبی مرکز میں داخل کرایا گیا، لیکن حالت نازک ہونے کے سبب اسے آرا کے صدر اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تصادم اس قدر تیز تھا کہ اسکارپیو کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار تین لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس کے مطابق مہلوکین میں 2 مرد اور ایک عورت شامل ہے اور یہ سبھی افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے۔ سبھی مہلوکین کا تعلق جھارکھنڈ کے دیوگھر ضلع سے تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسکارپیو میں سفر کرنے والے مسافر ہماچل پردیش کے منالی کا دورہ کرنے کے بعد نوئیڈا کے راستے دیوگھر واپس جا رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ بہیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر تباہ شدہ اسکارپیو کو ہٹا کر فور لین پر ٹریفک نظام بحال کیا۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور اسکارپیو کا بے قابو ہو کر کنٹینر سے ٹکرانا ہے ۔ تاہم حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی گئی ہے اور ان کے آرا پہنچنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Source: Social Media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments