National

ایران کے سپریم لیڈر کا قتل قابلِ مذمت :کانگریس صدر  کھرگے

ایران کے سپریم لیڈر کا قتل قابلِ مذمت :کانگریس صدر کھرگے

نئی دہلی، یکم مارچ : کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایران پر امریکی حملوں کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے ٹارگٹڈ حملے کے تحت ایران کے سپریم لیڈر علی حسینی خامنہ ای کو قتل کیا ہے اور وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ مسٹر کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان میں کہا کہ "کانگریس ایران کے سپریم لیڈر علی حسینی خامنہ ای کے باقاعدہ اعلانِ جنگ کے بغیر کیے گئے فوجی حملے میں ٹارگٹڈ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ کانگریس اس گہرے دکھ کی گھڑی میں سپریم لیڈر کے اہل خانہ، ایران کی عوام اور دنیا بھر کی شیعہ برادری کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور اس سنگین بحران میں ان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے ۔" انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے عزم پر مبنی ہے ، جیسا کہ ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 51 میں درج ہے ۔ خودمختار مساوات، عدم مداخلت اور امن کا فروغ ہندستان کی تہذیبی اقدار کی بنیاد ہیں۔ ایسے میں مشرقِ وسطیٰ کا یہ تنازع ہمارے 'وسودھیوا کٹمبکم' (دنیا ایک خاندان ہے ) کے اصول، مہاتما گاندھی کے عدم تشدد کے فلسفے اور سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی غیر وابستہ تحریک کی پالیسی کے خلاف ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی خودمختار ملک، خواہ وہ ایران ہو یا ماضی میں وینزویلا، کی قیادت اور طرزِ حکمرانی کو غیر مستحکم کرنے کے لیے طاقت کا استعمال، حکومتوں کی تبدیلی کی پالیسیاں اور یکطرفہ دبا¶ ایک تشویشناک رجحان ہے ۔ یہ اقوامِ متحدہ کے منشور کی بھی خلاف ورزی ہے ، خاص طور پر آرٹیکل 2(4)، جو کسی بھی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف 'طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی' کو روکتا ہے ، اور آرٹیکل 2(7) جو کسی ریاست کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو ممنوع قرار دیتا ہے ۔ کسی موجودہ سربراہِ مملکت کا ٹارگٹڈ قتل ان بین الاقوامی اصولوں کی جڑوں پر وار ہے ۔ خودمختاری مشروط نہیں ہوتی اور سیاسی جواز طاقت کے بل بوتے پر قائم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ "کانگریس دوبارہ دہراتی ہے کہ ہر ملک کے شہریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہے ۔ کسی بھی بیرونی طاقت کو زبردستی حکومت تبدیل کرنے یا کسی دوسری ریاست کی قیادت کا تعین کرنے کا حق نہیں ہے ۔ ایسے افعال سامراجیت کے مترادف ہیں اور حقیقی قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظم و نسق کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں۔"

Source: UNI NEWS

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments