علاقے میں اب بھی موجود ہے خفیہ اسلحہ کا ذخیرہ! پولس
”یہ علاقہ انتہائی دشوار گزار ہے۔ دونوں جانب پہاڑوں کی دو قطاریں تقریباً متوازی سمت میں پھیلی ہوئی ہیں۔ ایک طرف ان دونوں پہاڑی سلسلوں کے سرے آپس میں مل جاتے ہیں، جبکہ دوسری جانب ایک سرا جھارکھنڈ کی طرف چلا گیا ہے اور دوسرا ہمارے بانڈوان کے اندرونی علاقے تک پہنچتا ہے۔“
اپنے دفتر میں بیٹھ کر پرولیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کمار سانی راج اسی انداز میں علاقے کا جغرافیہ سمجھا رہے تھے۔ ان دونوں پہاڑی سلسلوں کے درمیان ایک تنگ وادی جیسا علاقہ ہے۔ کچھ دن پہلے اسی علاقے سے بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ دیوالی کے بعد مزید اسلحہ بھی برآمد ہوگا۔
یہ ہتھیار ماو¿نوازوں کے چھپائے ہوئے تھے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ماو¿نواز تنظیم کے کئی اہم رہنما یا تو گرفتار ہوئے ہیں یا انہوں نے خودسپردگی کر دی ہے۔ ان میں کچھ مغربی بنگال میں اور کچھ جھارکھنڈ میں تھے۔ ان سے پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو خفیہ اسلحہ خانوں کی معلومات مل رہی ہیں۔ تاہم پولیس سپرنٹنڈنٹ کی باتوں سے واضح ہے کہ ابھی تمام معلومات حاصل نہیں ہوئی ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے یہ بتانے سے انکار کردیا کہ اسلحہ کس مخصوص مقام سے برآمد کیا گیا ہے۔ بانڈوان تھانے کے نوجوان او سی مرنموئے بھکت نے بھی مسکراتے ہوئے اس سوال کو ٹال دیا۔
لیکن گزشتہ شام ہی چندن سنگھ سردار اور ان کے بھتیجے نے ایک چائے کی دکان پر بیٹھ کر ان تمام مقامات کی تفصیلات کھول کر بتا دی تھیں۔
جھارکھنڈ کی سرحد سے تقریباً ایک سے ڈیڑھ کلومیٹر پہلے سات گروئنگ ندی کی کھائی کے کنارے دوار سنی مندر واقع ہے۔ مندر کے بالکل سامنے چندن کی دکان ہے۔ عارضی چھت کے نیچے چائے، بسکٹ، کیک اور تلی ہوئی اشیا فروخت ہوتی ہیں۔ دور دراز اور کم آبادی والے اس علاقے میں جگہ کی کوئی کمی نہیں، اس لیے یہاں کئی بینچ، میزیں اور چارپائیاں بھی رکھی ہوئی ہیں۔
صبح کے وقت کچھ لوگ مرمرا، گھگنی اور گ±لگ±لا کھا کر ناشتہ کرتے ہیں، جبکہ شام کو پیاز کی پکوڑی، آلو چوپ، مالپوا اور جلیبی کے ساتھ محفل جمتی ہے۔
شام ڈھلنے کے بعد جب چندن کی دکان پر بھیڑ کم ہوئی تو تقریباً ڈیڑھ دو دہائی پہلے کے حالات پر گفتگو شروع ہوگئی۔ باتوں ہی باتوں میں پوجا سے پہلے ہونے والی اسلحہ کی برآمدگی کا ذکر بھی آگیا۔
اسی دوران کھڑبن اور میگھاداہ کے نام سامنے آئے۔ چندن کے حلوائی بھتیجے نے لوہے کی کڑاہی چولہے سے اتارتے ہوئے بتایا، ”کھڑبن اور میگھاداہ کے درمیان ایک بنجر پہاڑی ہے۔ وہیں زمین کھود کر رائفلیں اور گولیاں وغیرہ برآمد کی گئی ہیں۔“
جب یہ بات پولیس سپرنٹنڈنٹ کو بتائی گئی کہ اس مقام کی معلومات مل چکی ہیں تو وہ چند لمحوں کے لیے خاموش ہوگئے۔ اس کے بعد انہوں نے کہا، ”یہ مناسب نہیں ہوگا کہ اسلحہ کی برآمدگی کے اصل مقام کی تصاویر لے کر دکھائی جائیں۔“
لیکن اس علاقے کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا بھی ضروری تھا۔ اسی لیے اس شام پرولیا صدر سے دوار سنی واپس آکر کھڑبن اور میگھاداہ کی جانب روانگی ہوئی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نے جس جغرافیائی صورتحال کا ذکر کیا تھا، وہاں پہنچ کر وہ بالکل درست ثابت ہوئی۔ دونوں جانب متوازی پہاڑی سلسلے کھڑے تھے اور پورا علاقہ گھنے جنگلات سے ڈھکا ہوا تھا۔ درمیان میں ایک تنگ وادی تھی۔ پہاڑوں کی گود میں آسن پانی اور ٹھارکاداہ نام کے دو خوبصورت گاو¿ں آباد تھے۔
اس کے بعد کنکریٹ کی ایک تنگ سڑک دونوں پہاڑوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے دور جھارکھنڈ کے پٹمدا تک پہنچتی ہے۔ ٹھارکاداہ کے ایک سرے سے دوسری، اس سے بھی تنگ سڑک دائیں جانب پہاڑ پر گھنے جنگل کے اندر چڑھتی ہے۔ کھڑبن اور میگھاداہ اسی راستے پر واقع ہیں۔
جب کولکاتا کے ڈرائیور کو بتایا گیا کہ اس راستے سے گاڑی لے کر جانا ہے تو وہ حیران رہ گیا۔ پہلے وہ پیدل چند قدم آگے بڑھ کر سڑک کی حالت دیکھنے لگا، پھر سنجیدہ چہرے کے ساتھ گاڑی میں واپس آیا اور سفر شروع کیا۔
سڑک کے دونوں جانب جنگل اس قدر قریب تھا کہ کانٹے دار جھاڑیاں مسلسل گاڑی سے رگڑ کھا رہی تھیں۔ کہیں اچانک موڑ، کہیں ڈھلوان اور کہیں انتہائی خطرناک چڑھائی تھی۔ دور دور تک انسانی آبادی کا کوئی نشان نہیں تھا۔
ٹھارکاداہ موڑ سے میگھاداہ تک پورے راستے میں انسانوں سے صرف ایک مرتبہ سامنا ہوا، جب سامنے سے ایک موٹر سائیکل سوار آیا۔ راستہ اتنا تنگ تھا کہ دونوں گاڑیوں کا ایک دوسرے کو گزرنے کے لیے جگہ دینا بھی مشکل تھا۔ موٹر سائیکل سوار نے چند جملوں میں یہ سمجھا دیا کہ اس راستے پر گاڑی لے کر آنا کوئی دانش مندی کا کام نہیں ہے۔
سفر شروع ہونے سے پہلے ہی جھارکھنڈ کی جانب کے پہاڑوں کے پیچھے سورج غروب ہوچکا تھا۔ اس لیے بنجر پہاڑی کے دامن تک پہنچنے سے پہلے ہی چاروں طرف اندھیرا چھا گیا۔ پہاڑوں اور جنگلات پر خزاں کی دھند بھی پھیل چکی تھی۔ ایسے میں یہ پہچاننا تقریباً ناممکن تھا کہ پولیس نے کس مخصوص مقام پر کھدائی کرکے ہتھیار برآمد کیے تھے۔
لیکن یہ بات واضح طور پر سمجھ میں آرہی تھی کہ اسلحہ چھپانے کے لیے یہ علاقہ کتنا موزوں ہے۔ یہ بھی سمجھنا مشکل نہیں تھا کہ ایک وقت میں بانڈوان تھانہ علاقہ ماو¿نوازوں کی پرتشدد سرگرمیوں کا مرکز کیوں بن گیا تھا۔یہی وہ علاقہ تھا جہاں ماو¿نواز دستے نے اکتوبر 2003 میں بانڈوان تھانے کے او سی نیلمادھو داس کو باآسانی قتل کردیا تھا۔
سال 2005 میں ضلع سی پی ایم کے بااثر رہنما اور پرولیا ضلع پریشد کے سابق سبھاپتی رویندر ناتھ کر کو بھی ماو¿نوازوں نے ان کے اپنے گھر میں تقریباً بلا مزاحمت ان کی اہلیہ سمیت زندہ جلا دیا تھا۔
میگھاداہ کی بنجر پہاڑی کے سامنے کھڑے ہوکر دوار سنی کے چندن کی بات یاد آتی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ اسی راستے پر چند میل آگے بڑھنے سے بھومراغوڑا گاو¿ں آتا ہے، جہاں آج بھی رویندر ناتھ کر کے جلے ہوئے مکان کے کھنڈرات موجود ہیں۔
اس علاقے میں صرف یہی کھنڈرات نہیں ہیں۔ بائیں محاذ کی حکومت کے خاتمے کے بعد مغربی بنگال کے جنگل محل میں ماو¿نوازوں کا اثر تیزی سے کم ہونے لگا تھا۔ بانڈوان میں یہ کمی اس سے بھی کچھ پہلے شروع ہوگئی تھی۔
علاقے میں اب بھی موجود ہے خفیہ اسلحہ کا ذخیرہ! پولس...
Source: Admin