ابھیشیک کے گھر کے سامنے ایک بار پھر بلڈوزر کارروائی، عارضی شیڈ اور لوہے کے گیٹ کے بعد ترنمول کا شہید ویدی بھی منہدم
ابھیشیک بنرجی کے گھر کے سامنے کئی مرحلوں میں بلڈوزر کارروائی کی گئی۔ جمعرات کی صبح کے بعد دوپہر میں بھی یہ کارروائی جاری رہی۔ تقریباً 11 بجے ابھیشیک کے کالی گھاٹ واقع گھر کے سامنے موجود ایک شہید ویدی کو بلڈوزر سے منہدم کر دیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران پولیس اور مرکزی فورسز بھی موجود تھیں۔ الزام ہے کہ شہید ویدی بھی فٹ پاتھ پر قبضہ کرکے تعمیر کی گئی تھی۔
شہید ویدی پر نصب لوہے کے دو ستونوں سے پہلے ترنمول کانگریس کے انتخابی نشان جوڑا پھول والے پرچم اتار کر تہہ کیے گئے۔ اس کے بعد بلڈوزر کی مدد سے سیمنٹ کی ویدی، اس پر نصب لوہے کے دونوں ستون اور چاروں طرف لگی لوہے کی باڑ توڑ دی گئی۔
جمعرات کی صبح ہی ترنمول کے رکن پارلیمنٹ کے گھر کے سامنے فٹ پاتھ پر بانس سے بنائے گئے عارضی ڈھانچے کو بھی بلڈوزر سے توڑ دیا گیا۔ عارضی شیڈ ہٹانے کے بعد کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے بانس وہاں سے ہٹا دیے۔
ابھیشیک کے گھر کی چہاردیواری کے مرکزی دروازے کے باہر ایک اضافی لوہے کا گیٹ بھی نصب تھا۔ اسے بھی ہٹا دیا گیا۔ گیس کٹر کی مدد سے گیٹ کو کاٹا گیا۔ الزام ہے کہ یہ گیٹ بھی فٹ پاتھ پر قبضہ کرکے لگایا گیا تھا۔
جمعرات کی صبح ہی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کرکے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے ابھیشیک بنرجی نے لکھا، ”ہزاروں بلڈوزر بھی اتار دیے جائیں تو میری آواز کو خاموش نہیں کیا جا سکتا، میرے ناقابلِ تسخیر حوصلے اور عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔“
انہوں نے بی جے پی کو ’بنگال مخالف‘ اور ’بیرونی‘ قرار دیتے ہوئے مزید لکھا، ”مرکزی اور ریاستی حکومت جو چاہے کر لے۔ میں ناانصافی کے سامنے، غدار بیرونی بنگال مخالف عناصر کے سامنے سر نہیں جھکاو¿ں گا اور نہ ہی ایک انچ پیچھے ہٹوں گا۔“
ابھیشیک کے گھر کے سامنے شہید ویدی توڑے جانے کے معاملے پر ترنمول کانگریس کے رہنما ویشونر چٹرجی نے کہا، ”ہم شہید ویدی پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اسے توڑنے کے لیے بلڈوزر لانا پڑ رہا ہے۔ ریاست میں ایک حکومت تو بن گئی ہے، لیکن وہ عوام کے ووٹوں سے تو نہیں آئی۔ یہ تمام کام انتقامی جذبے کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ عوام سب کچھ دیکھ رہی ہے۔ وہی فیصلہ کرے گی۔“
فٹ پاتھ پر قبضے کے الزام کو لے کر گزشتہ کئی دنوں سے تنازع جاری تھا۔ بدھ کی شام بھی پولیس ابھیشیک کے گھر کے سامنے پہنچی تھی۔ کالی گھاٹ ترنمول کا دعویٰ ہے کہ پولیس شیڈ کھلوانے کے لیے آئی تھی۔ حالانکہ بدھ کو ابھیشیک کے دفتر کے ملازمین نے خود ہی عارضی ڈھانچہ کھولنے کا کام شروع کر دیا تھا۔
اس سلسلے میں کالی گھاٹ ترنمول کے ترجمان ارک ناگ نے بدھ کی شام بتایا تھا کہ جب ابھیشیک کو ’زیڈ پلس‘ سکیورٹی حاصل تھی، اس وقت مغربی بنگال ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے بیٹھنے کے لیے یہ شیڈ تعمیر کیا گیا تھا، جو ان کی حفاظت پر مامور تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یہ شیڈ پولیس نے ہی بنوایا تھا۔
بعد میں حکومت کی تبدیلی کے بعد ابھیشیک کی اضافی سکیورٹی واپس لے لی گئی، یعنی رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ملنے والی سکیورٹی کے علاوہ دیگر حفاظتی انتظامات ختم کر دیے گئے۔ اس صورت حال میں عارضی شیڈ کی اب کوئی ضرورت نہیں ہے۔
ارک ناگ نے کہا، ”یہ شیڈ پولیس نے ہی بنوایا تھا۔ اس وقت سکیورٹی واپس لیے جانے کے بعد اس شیڈ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اسی لیے ابھیشیک بنرجی کی جانب سے اسے کھولنے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔“
تاہم جمعرات کی صبح تک عارضی شیڈ مکمل طور پر نہیں ہٹایا جا سکا تھا۔ اس کے بعد میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر عارضی ڈھانچہ ہٹا دیا اور پورے فٹ پاتھ کو صاف کر دیا۔ اسی کے ساتھ برقی مشین کی مدد سے رکن پارلیمنٹ کے گھر کے باہر فٹ پاتھ پر بنائے گئے لوہے کے گیٹ کو بھی کاٹ کر ہٹا دیا گیا۔
کالی گھاٹ روڈ کے مکان نمبر 121 پر واقع ابھیشیک کے گھر کے سامنے موجود شیڈ کو لے کر گزشتہ کئی دنوں سے تنازع جاری تھا۔ گزشتہ جمعہ کی رات رکن پارلیمنٹ کی سالگرہ کی تقریب کے دوران کالی گھاٹ میں بار بار کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔ اس وقت عارضی شیڈ کے نیچے بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع ہوتے دیکھا گیا تھا۔
اس کے علاوہ مقامی باشندوں میں سے کئی افراد نے بھی اس عارضی ڈھانچے پر سوال اٹھانا شروع کر دیے تھے۔ الزام ہے کہ فٹ پاتھ پر اس شیڈ کی موجودگی کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
ابھیشیک کے گھر کے سامنے ایک بار پھر بلڈوزر کارروائی، عارضی شیڈ اور لوہے کے گیٹ کے بعد ترنمول کا شہید ویدی بھی منہدم...
Source: Admin