National

آپ کی محنت اور خواب نیلام… جتنی بڑی چوری، اتنا بڑا انعام، نیٹ پیپر لیک معاملے پر راہل گاندھی کا حکومت پر بڑا حملہ

آپ کی محنت اور خواب نیلام… جتنی بڑی چوری، اتنا بڑا انعام، نیٹ پیپر لیک معاملے پر راہل گاندھی کا حکومت پر بڑا حملہ

نئی دہلی: نیٹ یو جی 2026 امتحان منسوخ ہونے کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ایک بار پھر مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت کی ناکامی اور بدعنوان نظام کی وجہ سے لاکھوں طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ صرف انتظامی ناکامی نہیں بلکہ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے خلاف ایک سنگین جرم ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مسلسل کئی پوسٹ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی اور حکومت پر سخت حملے کیے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ امتحان میں پیپر لیک جیسے واقعات نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک کا تعلیمی نظام بدعنوانی اور سیاسی سرپرستی کی گرفت میں ہے۔ اپنے ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ خود گوگل پر تلاش کریں کہ ”نیٹ 2024 کی بڑی چوری کے دوران این ٹی اے کا ڈائریکٹر جنرل کون تھا اور آج حکومت نے اسے کس عہدے پر بٹھایا ہے“۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی ان لوگوں کو سزا دینے کے بجائے انعام دیتی ہے جو لاکھوں محنتی طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ راہل گاندھی نے لکھا، ”جس بازار میں آپ کی محنت اور خواب نیلام ہو رہے ہیں، وہاں صرف ایک اصول چلتا ہے، جتنی بڑی چوری، اتنا بڑا انعام“۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اور بی جے پی نوجوانوں کے مستقبل کی اس چوری میں براہ راست شریک ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ نیٹ یو جی 2026 امتحان کی منسوخی نے 22 لاکھ سے زائد طلبہ کی برسوں کی محنت، قربانی اور خوابوں کو برباد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی باپ نے قرض لے کر اپنے بچے کو کوچنگ دلائی، کسی ماں نے زیورات بیچ کر تعلیم کا خرچ اٹھایا، جبکہ لاکھوں طلبہ نے رات رات بھر جاگ کر تیاری کی، لیکن بدلے میں انہیں پیپر لیک، سرکاری لاپروائی اور منظم بدعنوانی ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر بار پیپر مافیا بچ نکلتے ہیں جبکہ ایماندار طلبہ سزا بھگتتے ہیں۔ ان کے مطابق اب لاکھوں طلبہ کو دوبارہ ذہنی دباؤ، مالی بوجھ اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ راہل گاندھی نے سوال اٹھایا کہ اگر نوجوانوں کا مستقبل محنت کے بجائے پیسے اور رسوخ سے طے ہوگا تو پھر تعلیم کی اصل اہمیت کیا رہ جائے گی۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے امرت کال کے نعرے پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ دور دراصل نوجوانوں کے لیے ”وش کال“ یعنی زہریلا دور بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ بند کرنا ہوگا اور امتحانی نظام میں شفافیت یقینی بنانی ہوگی۔ دوسری جانب نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے منگل کو باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ تین مئی کو منعقد ہونے والا نیٹ یو جی 2026 امتحان منسوخ کیا جا رہا ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ پیپر لیک کے الزامات اور ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا۔ حکومت نے معاملے کی تفصیلی جانچ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے حوالے کر دی ہے۔ این ٹی اے کے مطابق امتحان دوبارہ منعقد کیا جائے گا اور اس کی نئی تاریخ الگ نوٹیفکیشن کے ذریعے جاری کی جائے گی۔ تاہم طلبہ اور والدین میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ کئی طلبہ تنظیموں نے امتحانی نظام میں اصلاحات اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نیٹ پیپر لیک معاملہ آنے والے دنوں میں بڑا سیاسی مسئلہ بن سکتا ہے، کیونکہ اس کا تعلق براہ راست لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل اور حکومت کی ساکھ سے جڑا ہوا ہے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments