پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ اور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی آنے والی فلم ’سردار جی تھری‘ ان دنوں شدید تنازع کا شکار ہے۔ انڈین خبر رساں ایجنسی کے مطابق انڈیا کی فلمی تنظیم ’فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے نہ صرف ناراضی ظاہر کی ہے بلکہ انڈین حکومت سے سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ’سردار جی تھری‘ کا ٹریلر جاری ہوا جس میں ہانیہ عامر کو مرکزی کردار میں دکھایا گیا۔ ایف ڈبلیو آئی سی ای نے اسے ’ملک دشمن اقدام‘ قرار دیتے ہوئے انڈین حکومت اور وزیرِاعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ دلجیت دوسانجھ، فلم کے پروڈیوسرز گنبیر سنگھ سدھو، منموڈ سدھو، اور ہدایت کار امر ہنڈال کے پاسپورٹس منسوخ کیے جائیں اور ان کی انڈین شہریت ختم کی جائے۔ تنظیم نے پیر کے روز وزیرِاعظم مودی کو ایک خط لکھا جس میں کہا گیا کہ ’ ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کہ دلجیت دوسانجھ اور فلم سازوں نے پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو فلم میں شامل کر کے انڈین فلم انڈسٹری اور قومی جذبات کی توہین کی ہے۔‘ خط میں مزید کہا گیا کہ یہ عمل نہ صرف پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے بلکہ یہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انڈیا پہلگام حملے کے بعد سوگوار ہے، یہ اقدام ملک سے غداری کے مترادف ہے۔‘ ایف ڈبلیو آئی سی ای نے ہانیہ عامر کو ’پاکستانی پروپیگنڈا کی علمبردار‘ قرار دیا اور الزام لگایا کہ وہ انڈیا کے خلاف بیانات دیتی رہی ہیں، انڈین افواج کا مذاق اڑاتی ہیں اور پاکستان کے اقدامات کو درست ٹھہراتی ہیں۔ تنظیم نے وزارتِ اطلاعات و نشریات اور سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ’سردار جی تھری‘ کو انڈیا میں ریلیز کی اجازت نہ دی جائے اور فلم کو سنسر سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا جائے۔ دوسری جانب دلجیت دوسانجھ نے اس تنازع پر براہِ راست کچھ کہنے کے بجائے انسٹاگرام پر ایک سٹوری پوسٹ کی جس میں لکھا تھا ’ریلیز ہونے سے پہلے سینسر؟‘ یہ پوسٹ ان کی ایک اور فلم ’پنجاب 95‘ سے متعلق تھی جو سینسرشپ کی وجہ سے طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے۔ اس فلم میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکن جسونت سنگھ خالرا کی زندگی کو موضوع بنایا گیا ہے۔ ’سردار جی 3‘ کی ریلیز 27 جون کو صرف بیرونِ ملک کی جا رہی ہے۔ دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر دونوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فلم انڈیا میں ریلیز نہیں ہوگی۔ ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا ’سردار جی تھری 27 جون کو صرف بیرون ملک ریلیز ہو رہی ہے۔ دلجیت دوسانجھ نے بھی تقریباً انہی الفاظ میں فلم کی ریلیز کا اعلان کیا۔ جہاں انڈیا میں اس فلم کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تنازعات اور تبصرے سامنے آئے وہیں پاکستان میں ڈرامہ و فلم انڈسٹری کے اداکاروں نے ہانیہ عامر کے حق میں پوسٹس شیئر کیں۔
Source: social media
میک اپ چکھنے والی مشہور انفلوئنسر اچانک چل بسیں
کنڑ زبان پر دیے گئے بیان کے لیے عدالت نے کمل ہاسن کو پھٹکار لگائی
کمل ہاسن نے معافی مانگنے سے انکار کردیا
ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کا مقدمہ درج
انٹر نیٹ صارفین نے سنی دیول کی فلم جاٹ کو بے مقصد و غیر منطقی قرار دیدیا
ماڈل انجلی ورمورا نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی