National

اے ایم یو کیمپس میں ٹیچر کا گولی مار کر قتل، عمرہ کے لیے جانے والے تھے

اے ایم یو کیمپس میں ٹیچر کا گولی مار کر قتل، عمرہ کے لیے جانے والے تھے

اتر پردیش کے علی گڑھ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کیمپس میں اس وقت سنسنی پھیل گئی، جب بدھ کے روز یونیورسٹی کے اے بی کے یونین ہائی اسکول کے ٹیچر راو دانش علی کو نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ یہ سنسنی خیز واقعہ بدھ کی رات تقریباً 9 بجے سول لائن تھانہ علاقے کے تحت اے ایم یو کیمپس میں لائبریری کینٹین کے قریب پیش آیا، جہاں راو دانش علی اپنے چند دوستوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق اچانک اسکوٹی پر سوار نامعلوم افراد موقع پر پہنچے اور بغیر کسی بحث یا جھگڑے کے راو دانش علی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ایک گولی ان کے سر میں لگی، جس سے وہ موقع پر ہی شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور تیزی سے فرار ہو گئے۔ گولیوں کی آواز سنتے ہی اطراف میں موجود طلبہ اور ملازمین میں بھگدڑ مچ گئی اور پورے کیمپس میں خوف کا ماحول پیدا ہو گیا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے پراکٹر، پروفیسر محمد وسیم علی نے بتایا، "رات تقریباً 9 بجے، ہمیں اطلاع ملی کہ لائبریری کے قریب فائرنگ ہوئی ہے اور ایک شخص زخمی ہے جسے علاج کے لیے لے جایا جا رہا ہے... ہمیں پتہ چلا کہ جس شخص کو گولی لگی ہے وہ راو دانش علی ہیں، جو یونیورسٹی کے اے بی کے اسکول کے ٹیچر تھے۔ علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔" راو دانش علی جلد ہی اپنے والدین کو عمرہ کرانے کے لیے لے جانے والے تھے۔ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ کچھ خوشی کے پل گزارنے کی تیاری کر رہے تھے، لیکن یہ سانحہ پیش آیا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کیمپس میں اس طرح کا حملہ ہوا ہے، لیکن ایک ٹیچر پر اس طرح کے جان لیوا حملے نے سب کو چونکا دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ تفتیش تمام پہلووں پر غور کر رہی ہے، تاہم حملے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی۔ اے ایم یو ایک بڑی یونیورسٹی ہے جس میں ہزاروں طلباء زیر تعلیم ہیں، اور اس واقعے کے بعد پورے کیمپس میں خوف کی فضا چھا گئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی انتظامیہ اور پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ شدید زخمی حالت میں دانش راو کو فوراً جواہر لال نہرو میڈیکل کالج منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج شروع کیا۔ سر میں گولی لگنے کے باعث ان کی حالت نہایت نازک تھی اور وہ علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ راو دانش علی کی موت کی خبر پھیلتے ہی کیمپس میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ بڑی تعداد میں اساتذہ، طلبہ اور یونیورسٹی عملہ میڈیکل کالج اور جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔ لوگوں نے یونیورسٹی کی سکیورٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments