National

ڈاکٹر خاتون کا حجاب کھینچنے کے معاملے پر نریندر مودی کیوں خاموش ہیں: کانگریس

ڈاکٹر خاتون کا حجاب کھینچنے کے معاملے پر نریندر مودی کیوں خاموش ہیں: کانگریس

نئی دہلی، 22 دسمبر:کانگریس نے کہا ہے کہ پٹنہ میں ایک ڈاکٹر کو تقرری نامہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے اس کا حجاب کھینچنے کا واقعہ پوری دنیا میں بحث کا موضوع بن چکا ہے ، لیکن بڑی حیرت کی بات ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس پر خاموش ہیں۔ کانگریس کے کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ جو لوگ ''بیٹی بچاو، بیٹی پڑھاو'' کا نعرہ دیتے ہیں، وہ خود پڑھی لکھی بیٹی کا حجاب کھینچتے ہیں، تو انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ جب بیٹی تعلیم حاصل کر کے باہر نکلے تو اسے کون سے کپڑے پہننے چاہئیں۔ وزیر اعظم مودی کو اس پر خاموش رہنے کی بجائے یہ بتانا چاہیے کہ بیٹیاں کس لباس کے ساتھ گھر سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ ''اگر بیٹیاں چھوٹے کپڑے پہنیں تو مسئلہ، حجاب پہنیں تو بھی مسئلہ، لیکن اصل مسئلہ بیٹیاں نہیں، مسئلہ خود آپ ہیں۔ 'بیٹی بچاو، بیٹی پڑھاو' نعرہ اچھا ہے ، لیکن جب بیٹی تعلیم حاصل کر کے باہر نکلے تو وہ کون سے کپڑے پہنے ، یہ سوال انتہائی سنگین ہو چکا ہے ۔ اگر تنگ کپڑے پہننے پر بھی قصور اسی کا ٹھہرایا جاتا ہے تو اب حجاب پہننے پر بھی الزام اسی پر لگایا جا رہا ہے ۔ نتیش کمار ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں اور انہوں نے ڈاکٹر نصرت پروین کے حجاب کو بار بار کھینچنے کی کوشش کی۔ یہ منظر دیکھ کر کتنے والدین میں اپنی بیٹیوں کو تعلیم کے لیے بھیجنے کی ہمت ہوگی۔'' انہوں نے کہا کہ اس فعل پر ریاست کے وزیر اعلیٰ کو سزا دینے کی بجائے بی جے پی رہنما تالیاں بجاتے اور عجیب و غریب تبصرے کرتے نظر آتے ہیں۔ پورے ماحول کو ہندو-مسلم مسئلہ بنا کر اصل مسئلے سے توجہ ہٹا دی گئی ہے ۔ اصل مسئلہ بہووں، بیٹیوں اور بہنوں کی عزت و سلامتی کا ہے ، ملک کی خواتین کے تحفظ کا ہے اور یہ سوال کہ خواتین گھر سے باہر جائیں یا نہ جائیں اور اگر جائیں تو لباس کے انتخاب کا حق آخر کس کے پاس ہونا چاہیے ۔ کانگریس ترجمان مسٹر پون کھیڑا نے کہا کہ آج پوری دنیا میں ہماری سیاست کے معیار پر تنقید ہو رہی ہے ۔ سوال یہ ہے کہ اس معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی خاموش کیوں ہیں۔ وزیر اعظم کو بتانا چاہیے کہ لڑکیاں گھر سے باہر نکلتے وقت کون سا لباس پہنیں۔

Source: uni news

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments