رشتہ دار کے گھر سے بھاری مقدار میں نقدی اور سونا برآمد، بدعنوانی کے معاملے میں اب سیوری تھانے میں پیش ہوئے ٹولو منڈل
بھوانی بھون کے بعد اب سیوری تھانے میں پیش ہوئے ٹولو منڈل۔ طویل ٹال مٹول کے بعد بیر بھوم کے ’پتھر کے بادشاہ‘ ٹولو منڈل ہندوستان واپس لوٹ آئے ہیں۔ جمعہ کی دوپہر سی آئی ڈی کے سمن پر وہ بھوانی بھون میں پیش ہوئے تھے۔ وہاں ان سے تقریباً 6 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔ اب سمن ملنے کے بعد ہفتہ کی دوپہر ٹولو سیوری تھانے میں حاضر ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ ٹولو منڈل کے رشتہ دار اور منیجر میناڑ منڈل کے گھر سے 5 کروڑ روپے نقد اور سونا برآمد ہونے کے معاملے میں انہیں ہفتہ کے روز تھانے طلب کیا گیا تھا۔ تھانے میں داخل ہوتے وقت ٹولو نے صحافیوں سے کہا کہ وہ تھانے سے باہر آنے کے بعد میڈیا سے بات کریں گے۔
ڈی سی آر بدعنوانی سے متعلق معاملے میں پتھر کے تاجر ٹولو کا نام سامنے آیا تھا۔ منیجر کے گھر سے بھاری مقدار میں نقدی برآمد ہونے کے بعد سے وہ فرار تھے۔ سپریم کورٹ سے عبوری تحفظ ملنے کے بعد ٹولو ہندوستان واپس آئے۔ ملک واپسی کے بعد جمعہ کو ہی وہ بھوانی بھون میں پیش ہوئے تھے۔ اس کے بعد بیر بھوم ضلع پولیس کی طلبی پر ہفتہ کی دوپہر تقریباً ایک بجے ٹولو منڈل سیوری تھانے پہنچے۔ ان کے ساتھ ان کے وکیل بھی موجود تھے۔
تحقیقاتی افسران نے ان سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ افسران ٹولو سے یہ سوال کر سکتے ہیں کہ ان کے منیجر کے گھر سے کروڑوں روپے کی نقدی اور سونا کہاں سے آیا۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے اس معاملے میں پولیس کے پاس اب تک جو معلومات جمع ہوئی ہیں، ان کی تصدیق کے لیے بھی ان سے پوچھ گچھ کی جا سکتی ہے۔
اس بدعنوانی کے معاملے میں اب تک مجموعی طور پر 12 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں 4 سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔ گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کے دوران جو معلومات سامنے آئی ہیں، ان کے بارے میں بھی ٹولو سے سوالات کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 7 دسمبر تک پولیس ٹولو کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر سکتی۔ اس کے بعد ہی بیر بھوم کے ’پتھر کے بادشاہ‘ ہندوستان واپس آئے ہیں۔
جمعرات کو وہ دو الگ الگ درخواستیں لے کر کلکتہ ہائی کورٹ پہنچے تھے۔ عبوری تحفظ کی مدت ختم ہونے کے بعد انہیں گرفتار نہ کیا جائے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ان کے وکلا ایان بھٹاچاریہ اور سبیاساچی بندوپادھیائے نے ایف آئی آر کو چیلنج کرتے ہوئے جسٹس اجے کمار مکھوپادھیائے کی عدالت کی توجہ اس جانب مبذول کرائی۔ اس کے ساتھ ہی جسٹس کرشنا راو¿ کی بنچ میں بھی ایک اور مقدمہ دائر کرنے کی درخواست کی۔ پتھر کے تاجر ٹولو کو خدشہ ہے کہ ان کے خلاف کوئی لک آو¿ٹ نوٹس جاری کیا گیا ہو سکتا ہے۔
رشتہ دار کے گھر سے بھاری مقدار میں نقدی اور سونا برآمد، بدعنوانی کے معاملے میں اب سیوری تھانے میں پیش ہوئے ٹولو منڈل...
Source: Admin