لکھنے پڑھنے میں گزر رہا ہے وقت، سابق وزیر اشوک بھٹاچاریہ کی قلم سے یورپ کی حالیہ تحریکوں پر کتاب
ایک وقت تھا جب بنگال کی سیاست میں ان کا یکطرفہ دبدبہ تھا۔ بائیں محاذ کے دور حکومت میں وہ ریاست کے صفِ اول کے وزیروں میں شامل تھے۔ لیکن اب وہ کافی تنہا ہیں۔ سیاست کے دائرے سے بھی کسی حد تک دور ہوچکے ہیں۔ اس شہر کے سابق وزیر اشوک بھٹاچاریہ آج کل سلی گوڑی کے سبھاش پلی میں واقع اپنے گھر میں اکیلے رہتے ہیں۔ دن بھر کتابیں پڑھ کر وقت گزارتے ہیں۔ مطالعے کے ساتھ ساتھ آج کل خود بھی لکھنے میں مصروف ہیں۔ اس دوران وقت ملنے پر سی پی ایم کے دفتر کا چکر بھی لگا لیتے ہیں، جہاں کچھ دیر ساتھیوں کے ساتھ گفتگو ہوتی ہے۔ تاہم ان کی بنیادی مصروفیت مطالعہ ہے۔ ان دنوں اشوک بھٹاچاریہ یورپی ممالک میں ہونے والی فاشزم مخالف تحریکوں پر ایک کتاب لکھ رہے ہیں۔
بائیں محاذ کے دور حکومت میں سلی گوڑی کے سی پی ایم رہنما اشوک بھٹاچاریہ ریاست کے بلدیات اور شہری ترقی کے وزیر تھے۔ انہوں نے مسلسل 20 سال تک اس عہدے کی ذمہ داری سنبھالی۔ اس کے بعد بائیں بازو کی جماعتیں ریاستی اقتدار سے بے دخل ہوگئیں، لیکن کامریڈ اشوک بھٹاچاریہ سلی گوڑی میں اپنا سیاسی اثر و رسوخ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ 2011 کے انتخابات میں شکست کے باوجود 2015 میں کامیابی حاصل کرکے دوبارہ رکن اسمبلی بنے۔ صرف یہی نہیں، بعد میں ترنمول کانگریس کے دور حکومت میں ان کی قیادت میں بائیں بازو نے بلدیاتی بورڈ پر قبضہ کیا اور وہ میئر کے عہدے پر فائز ہوئے۔
لیکن اگلے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد وہ پارٹی میں بھی اپنی سیاسی حیثیت کھونے لگے۔ کبھی پارٹی کے اہم رہنما رہنے والے اشوک بھٹاچاریہ ایک کے بعد ایک تمام عہدوں سے محروم ہوتے چلے گئے۔ سیاسی زندگی میں مسلسل ناکامیوں کے ساتھ ہی ذاتی زندگی میں بھی انہیں ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔ اشوک بھٹاچاریہ کی اہلیہ کا انتقال ہوگیا۔ اس سانحے کے بعد انہوں نے خود کو محدود کرلیا تھا۔ زیادہ تر گھر پر ہی رہتے تھے اور بہت کم باہر نکلتے تھے۔
بعد ازاں انہوں نے اسمبلی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم بھی چلائی۔ مختلف مقامات پر جاکر تشہیر کی۔ تاہم ان تمام مصروفیات کے باوجود گھر واپس آتے ہی اشوک بھٹاچاریہ مختلف موضوعات پر کتابیں پڑھنے میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ صرف یہی نہیں، مطالعے کے ساتھ ساتھ انہوں نے لکھنا بھی شروع کردیا ہے۔ پہاڑی علاقوں کی صورتحال پر ان کی تحریر کردہ کتاب پہلے ہی شائع ہوچکی ہے۔ اب وہ یورپ کے مختلف ممالک میں ہونے والی تحریکوں پر کتاب لکھ رہے ہیں اور اس سلسلے میں مسلسل مطالعہ بھی کررہے ہیں۔
تاہم وہ اب بھی وقت نکال کر پارٹی کی میٹنگوں میں شرکت کرتے ہیں۔ اگرچہ کم ہی سہی، لیکن موقع ملتے ہی انیل بسواس بھون پہنچ جاتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہیں۔ اشوک بھٹاچاریہ نے بات چیت کے دوران کہا، ”تنہائی کی زندگی میں کتابیں ہی میری ساتھی ہیں۔ دن بھر مختلف موضوعات پر کتابیں پڑھتا ہوں اور کہانیاں لکھتا ہوں۔ اسی میں خوش ہوں۔ تاہم پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں۔ کسی بھی ضرورت کے لیے بلایا جائے گا تو ضرور پہنچوں گا۔“
اب جبکہ بلدیاتی انتخابات قریب ہیں، کیا انہیں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کے بارے میں بھی کچھ معلوم ہے؟ اس سوال پر کامریڈ نے کہا، ”رہنماو¿ں کے ساتھ بات ہوئی ہے۔ آنے والے انتخابات سے پہلے پارٹی اگر کوئی ذمہ داری دے گی تو اسے بھی نبھاو¿ں گا۔ اس کے علاوہ مختلف اوقات میں کئی لوگوں سے بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ کولکاتا سے کوئی آتا ہے تو میرے گھر آکر ملاقات کرتا ہے۔ اسی طرح وجیا دشمی کے موقع پر کولکاتا کے کئی فنکاروں، اداکاروں اور اداکاراو¿ں نے فون کرکے مبارکباد بھی دی ہے۔“
لکھنے پڑھنے میں گزر رہا ہے وقت، سابق وزیر اشوک بھٹاچاریہ کی قلم سے یورپ کی حالیہ تحریکوں پر کتاب...
Source: Admin