آدھی رات کو سڑک پر ابھیشیک کی سالگرہ منانے کے معاملے کی تحقیقات اب خفیہ محکمہ کے حوالے
گزشتہ جمعہ کی نصف شب کالی گھاٹ کی سڑک پر ابھیشیک بنرجی کی سالگرہ منانے کو لے کر پورے علاقے میں ہنگامہ برپا ہوگیا تھا۔ حالات پر قابو پانے پہنچنے والی پولیس کو بھی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہاں تک کہ پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے کا بھی الزام ہے۔ اس معاملے میں وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے پہلے ہی سخت کارروائی کی ہدایت دے دی ہے۔ اس کے بعد ہی لال بازار کے خفیہ محکمہ نے واقعے کی تحقیقات کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ اب اس معاملے کی تفتیش لال بازار کا خفیہ محکمہ کرے گا۔ دوسری جانب ہنگامہ آرائی اور پولیس کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں گرفتار تین افراد کو جائے وقوعہ پر لے جا کر پولیس نے واقعے کا ری کریئیشن بھی کرایا۔
گزشتہ جمعہ کی رات ابھیشیک بنرجی کی سالگرہ منانے کو لے کر پورا علاقہ ہنگامے کی زد میں آگیا تھا۔ جم کر توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی ہوئی۔ الزام ہے کہ اس واقعے میں پٹواپاڑہ کے کئی مٹی کے فنکاروں کو نقصان اٹھانا پڑا۔ کئی مورتیاں اور کام میں استعمال ہونے والے مختلف سامان تباہ ہوگئے۔ رات ہی میں پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ سختی کے ساتھ حالات پر قابو پانے کی کوشش کی گئی۔ لیکن الزام ہے کہ اس دوران ابھیشیک کے حامیوں نے پولیس کے ساتھ بدسلوکی کی۔ یہاں تک کہ ایک پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
جمعہ کی رات پیش آنے والے واقعے کے سلسلے میں کالی گھاٹ تھانے میں کل چار مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان میں سے دو مقدمات پولیس نے ازخود درج کیے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کے بعد پولیس اب تک تین افراد کو گرفتار کرچکی ہے۔
کالی گھاٹ ترنمول کا دعویٰ ہے کہ واقعے میں گرفتار کیے گئے تینوں افراد ان کے کارکن ہیں۔ دوسری جانب گرفتار تینوں افراد سے پوچھ گچھ کرکے پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس واقعے میں مزید کون کون ملوث تھا۔ اسی دوران آج منگل کی صبح پولیس افسران گرفتار تینوں افراد کو جائے وقوعہ یعنی ابھیشیک بنرجی کے گھر کے علاقے میں لے گئے۔ پولیس کی سخت نگرانی میں پورے واقعے کا ری کریئیشن کرایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ کالی گھاٹ میں ہنگامے کے معاملے پر پیر کے روز ہی وزیر اعلیٰ شوبھیندو ادھیکاری نے ابھیشیک بنرجی کا نام لیے بغیر واضح طور پر کہا تھا، ”میں کسی کا نام لے کر الزام نہیں لگاو¿ں گا۔ میں کسی کو ہیرو نہیں بنانا چاہتا۔ اگر کوئی پولیس کو تھپڑ مارتا ہے، حملہ کرنے کی کوشش کرتا ہے، آنکھیں دکھاتا ہے، مارنے کے لیے آگے بڑھتا ہے یا دھمکی دیتا ہے تو اس کے خلاف جس قانونی دفعہ کے تحت مقدمہ درج ہونا چاہیے، اسی کے تحت سب کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔“
صرف یہی نہیں، پولیس کے وزیر اور ریاست کے انتظامی سربراہ نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہا، ”پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا ہے۔ سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے سے متعلق ویڈیوز دیکھ کر جن لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرنا ضروری تھا، ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس معاملے میں چارج شیٹ داخل ہوگی، حراست میں رکھ کر مقدمے کی کارروائی بھی ہوگی۔ کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔“
آدھی رات کو سڑک پر ابھیشیک کی سالگرہ منانے کے معاملے کی تحقیقات اب خفیہ محکمہ کے حوالے...
Source: Admin