نندی گرام میں ووٹوں کی گنتی کے دن تشدد کا خدشہ! کانگریس نے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ سے رجوع کیا
نندی گرام اسمبلی ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی سے ایک دن قبل تشدد کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے مغربی بنگال پردیش کانگریس نے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ سے رجوع کیا ہے۔ بدھ کے روز پردیش کانگریس کی جانب سے چیف الیکٹورل آفیسر، نندی گرام ضمنی انتخاب کے جنرل آبزرور اور پولیس آبزرور، ریٹرننگ آفیسر سمیت مشرقی مدناپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اور نندی گرام و چندی پور تھانوں کے افسران کو خط بھیجا گیا۔
خط میں پردیش کانگریس کے صدر شوبھنکر سرکار کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ ووٹنگ کے دن کانگریس کے کارکنوں اور رہنماو¿ں پر ”پرتشدد حملے“ کیے گئے تھے۔ 6 اکتوبر کو ہونے والی ووٹنگ کے حوالے سے کانگریس نے بوتھ پر بے ضابطگی، دھمکانے اور ووٹوں میں دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے تھے، جنہیں بی جے پی نے مسترد کر دیا تھا۔
کانگریس نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ان واقعات کی تکرار ووٹوں کی گنتی کے دن نہ ہو، اس کے لیے پہلے ہی ضروری اقدامات کیے جائیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ نندی گرام کے رےاپاڑہ میں جمعہ کے روز ووٹوں کی گنتی ہونے والی ہے۔ وہاں پارٹی کے گنتی عملے، ایجنٹوں اور کارکنوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے مناسب احتیاطی اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے۔
کانگریس کا کہنا ہے کہ اس کے گنتی کارکن پارٹی قیادت کے ساتھ مقررہ وقت پر گنتی مرکز پہنچیں گے۔ تاہم خط میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ ووٹنگ کے بعد کی صورتحال میں پارٹی کارکنوں کو ”سنگین نتائج“ بھگتنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
اس لیے کانگریس نے انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ گنتی مرکز جانے کے راستے سے لے کر گنتی ختم ہونے کے بعد تک کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے خصوصی توجہ دی جائے۔
یہ خط پردیش کانگریس کے نائب صدر پرشانت دت، جنرل سکریٹری آشوتوش چٹرجی، نندی گرام ضمنی انتخاب کے آبزرور رنجیت مکھرجی، جنرل سکریٹری شوبھاشیش بھٹاچاریہ اور تنظیم کے سکریٹری اجیتیش پانڈے کے نام سے بھیجا گیا ہے۔
ضمنی انتخاب کی ووٹنگ کو لے کر نندی گرام میں پہلے ہی سیاسی کشیدگی اور بیان بازی جاری ہے۔ ایسے ماحول میں ووٹوں کی گنتی سے قبل کانگریس کی جانب سے ظاہر کیے گئے اس خدشے نے ایک بار پھر سکیورٹی سے متعلق سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اب سیاسی حلقوں کی نظریں اس بات پر ہیں کہ الیکشن کمیشن اور انتظامیہ کیا اقدامات کرتے ہیں۔
کانگریس نے انتظامیہ کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرانے کی کوشش کی ہے کہ گنتی کے دن کسی بھی فریق کے ایجنٹوں کو رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے، گنتی مرکز کے اندر نظم و ضبط برقرار رہے اور باہر بھیڑ یا تصادم کی صورتحال پیدا نہ ہو۔
پردیش کانگریس کے جنرل سکریٹری آشوتوش چٹرجی نے کہا، ”آزادانہ اور پرامن طریقے سے ووٹوں کی گنتی مکمل کرانا اس وقت الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہونی چاہیے۔ انتخابی نتائج کو لے کر سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہیں، لیکن اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ گنتی کے عمل پر اس کا کوئی اثر نہ پڑے، کمیشن کو سخت خط بھیجا گیا ہے۔‘
نندی گرام میں ووٹوں کی گنتی کے دن تشدد کا خدشہ! کانگریس نے الیکشن کمیشن اور انتظامیہ سے رجوع کیا...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments