ٹولو منڈل کی ایف آئی آر خارج کرنے اور حفاظتی ضمانت کی درخواست ہائی کورٹ نے مسترد کردی
بیر بھوم کے ’پتھر سمراٹ‘ ٹولو منڈل کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ پولیس نے ان کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج کی تھیں۔ ان مقدمات کو خارج کرنے کی درخواست لے کر ٹولو کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی حفاظتی ضمانت کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔ لیکن عدالت نے کسی بھی درخواست پر راحت نہیں دی۔ مفرور ٹولو منڈل کی درخواست آج ہائی کورٹ نے مسترد کردی۔ آج، منگل کو جسٹس سوگت بھٹاچاریہ کی عدالت میں یہ معاملہ زیر سماعت آیا۔
ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد بیر بھوم پولیس نے ترنمول کانگریس سے قربت رکھنے والے ٹولو منڈل کے رشتہ دار مینار منڈل کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ طویل تلاشی کے بعد وہاں سے نقد 28 کروڑ 50 لاکھ روپے اور بڑی مقدار میں سونا برآمد کیا گیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران مینار منڈل نے اعتراف کیا تھا کہ یہ رقم ٹولو منڈل کی تھی۔ اس کے بعد ہی انتظامیہ نے ٹولو منڈل کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا شروع کی۔ پولیس کی تحقیقات کے دوران ٹولو کی متعدد مبینہ غیر قانونی سرگرمیاں سامنے آئیں۔
ترنمول کے دور حکومت میں یہ ٹولو منڈل مبینہ غیر قانونی ریت اور پتھر کی اسمگلنگ میں ’سمراٹ‘ بن گیا تھا۔ بڑی تعداد میں غیر قانونی کانوں کا پتہ چلا۔ کروڑوں روپے کی جائیداد کا بھی سراغ ملا۔ ادھر تحقیقات شروع ہونے سے پہلے ہی ٹولو غائب ہوگیا تھا۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں 200 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ غیر قانونی جائیداد کا پتہ چلا ہے۔ اس کے علاوہ ٹولو کے گیراج سے بڑی تعداد میں لگڑری اور مہنگی گاڑیاں بھی ملی ہیں۔ بڑی تعداد میں ڈمپر بھی برآمد ہوئے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بیرون ملک بھی اس کی بڑی تعداد میں جائیدادیں ہیں۔ ٹولو کی تلاش میں پولیس اور انتظامیہ مختلف مقامات پر تلاشی لے رہی ہے۔ وہ کہاں چھپا ہوا ہے یا بیرون ملک فرار ہوگیا ہے، اس بارے میں ابھی تک کوئی واضح معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
ٹولو کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں۔ ان کے خلاف ناقابلِ ضمانت دفعات کے تحت بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس صورتحال میں حفاظتی ضمانت اور اپنے خلاف درج ایف آئی آر کو خارج کرنے کی درخواست لے کر ٹولو نے کلکتہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ لیکن وہاں بھی ترنمول سے قربت رکھنے والے اس مبینہ ریت اور پتھر مافیا کو کوئی راحت نہیں ملی۔ عدالت نے فوراً ہی ان کی درخواست مسترد کردی۔
ٹولو منڈل کی ایف آئی آر خارج کرنے اور حفاظتی ضمانت کی درخواست ہائی کورٹ نے مسترد کردی...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments