اندرنیل معاملے میں ماس آرٹ کے اہم عہدیدار دھروب جیوتی گرفتار
ماس آرٹ نامی تنظیم کو استعمال کرتے ہوئے درگا پوجا کے پاس فروخت میں بدعنوانی کے الزام میں کولکاتا پولیس نے ایک اور شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس تنظیم کے سکریٹری دھروب جیوتی باسو عرف شوبھو کو بدھ کی شام ٹیریٹی بازار علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ اس معاملے میں ریاست کے سابق وزیر اندرنیل سین کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ اب اس معاملے میں دوسری گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ اس سلسلے میں درج ایف آئی آر میں دھروب جیوتی کا نام بھی شامل تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ماس آرٹ نامی تنظیم دھروب جیوتی اور اندرنیل کے ذہن کی اختراع تھی۔ اسی تنظیم کے ذریعے دونوں نے بدعنوانی کا جال بچھایا تھا۔ تنظیم کی سربراہ اندرنیل کی اہلیہ مدھوچھندا سین تھیں۔ ایف آئی آر میں ان کا نام بھی شامل ہے۔ تاہم، انہیں کلکتہ ہائی کورٹ سے گرفتاری سے تحفظ حاصل ہے۔ پولیس انہیں پہلے ہی دو مرتبہ طلب کرکے پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ اندرنیل کی بیٹی بھی تفتیش کاروں کی نظر میں ہیں۔
ایف آئی آر میں نام ہونے کی وجہ سے دھروب جیوتی پہلے ہی پولیس کی نگرانی میں تھے۔ بدعنوانی میں ان کے کردار کی جانچ کی جا رہی تھی اور اس سلسلے میں معلومات جمع کی جا رہی تھیں۔ لال بازار میں اندرنیل اور مدھوچھندا کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ امکان ہے کہ اس دوران بھی دھروب جیوتی کا نام سامنے آیا ہو۔ ذرائع کے مطابق، آمنے سامنے پوچھ گچھ کے دوران میاں بیوی کے درمیان اختلافات اور تلخ کلامی کھل کر سامنے آگئی۔ دونوں نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کیے۔ مدھوچھندا نے بتایا کہ انہوں نے منع کیا تھا، لیکن اندرنیل نے ان کی بات نہیں مانی۔ دوسری جانب اندرنیل کا دعویٰ ہے کہ مدھوچھندا کو تمام باتوں کا علم تھا۔
2021 میں کولکاتا کی درگا پوجا کو یونیسکو کی منظوری ملنے کے فوراً بعد ماس آرٹ تنظیم قائم کی گئی تھی۔ الزام ہے کہ اس تنظیم کے ذریعے درگا پوجا کے پاس فروخت اور پری ویو شو کے نام پر کروڑوں روپے کی بدعنوانی کی گئی۔ مبینہ طور پر اندرنیل اور ان کے ساتھی غیر قانونی طور پر یونیسکو کا نام استعمال کرکے رقم وصول کرتے تھے۔ کولکاتا پولیس کے ساتھ ساتھ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) بھی مالی بدعنوانی کے معاملات کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اس سے پہلے ای ڈی اندرنیل سے کئی مرتبہ پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ ان کے کس?با واقع گھر، سنگور کے فارم ہاو¿س سمیت کئی مقامات پر تلاشی بھی لی گئی تھی۔ اس کے بعد پولیس نے سابق وزیر کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
قابل ذکر ہے کہ اندرنیل ماس آرٹ تنظیم سے براہ راست وابستہ نہیں تھے۔ اس لحاظ سے دھروب جیوتی اس تنظیم کے پہلے شخص ہیں جنہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایف آئی آر میں تنظیم کے صدر ساین تن میترا اور خزانچی رنجن چٹرجی کے نام بھی شامل ہیں۔
اندرنیل معاملے میں ماس آرٹ کے اہم عہدیدار دھروب جیوتی گرفتار...
Source: Admin