دھرم تلہ میں ساڑھے 14 کلو گرام گانجا برآمد، مرشد آباد کے تین افراد پولیس کی گرفت میں
دھرم تلہ بس اسٹینڈ کے قریب چھاپہ مار کر کولکاتا پولیس کے خفیہ محکمہ (ڈی ڈی) کے نارکوٹکس سیل نے ساڑھے 14 کلو گرام سے زائد گانجا برآمد کیا ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں مرشد آباد کے تین باشندوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان نے اڈیشہ سے بھاری مقدار میں گانجا لاکر کولکاتا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں چھوٹے منشیات فروشوں کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بدھ کے روز خفیہ محکمہ کے نارکوٹکس سیل کے افسران اور اہلکاروں نے میدان تھانہ علاقے میں چھاپہ مارا۔ دھرم تلہ بس اسٹینڈ سے متصل پی ڈبلیو ڈی سائٹ آفس (ساو¿تھ ڈویڑن) کے قریب سے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد کی شناخت عبدالحق عرف بابو (48)، انج±و شیخ (32) اور عتابور شیخ کے طور پر ہوئی ہے۔ ان میں عبدالحق اور انج±و مرشد آباد کے اسلام پور تھانے کے کیشوپور علاقے کے رہنے والے ہیں، جبکہ عتابور کا گھر اسی ضلع کے رانی تلہ تھانے کے نندی گرام گاو¿ں میں ہے۔
تلاشی کے دوران تینوں کے مشترکہ قبضے سے مجموعی طور پر 14.559 کلو گرام گانجا برآمد ہوا۔ گواہوں اور گزٹیڈ افسر کی موجودگی میں تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے اور ویڈیو گرافی کے بعد تفتیش کاروں نے منشیات ضبط کر لی۔ اس کے بعد خفیہ محکمہ کے نارکوٹکس سیل کے سب انسپکٹر پرشانت کمار رائے کی شکایت کی بنیاد پر جمعرات کو میدان تھانے میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 20(B)(2)(B) اور 29 کے تحت مقدمہ نمبر 129 درج کیا گیا۔
ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران تفتیش کاروں کو معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان اڈیشہ کے کالاہانڈی ضلع کے نرلا سے گانجے کی یہ بھاری مقدار لے کر آئے تھے۔ ان کا مقصد اسے کولکاتا اور اس کے آس پاس کے مختلف علاقوں میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں کو فروخت کرنا تھا۔ جمعرات کو تینوں گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس اسمگلنگ نیٹ ورک میں مزید کون کون ملوث ہے، خفیہ محکمہ کے افسران اس کی جانچ کر رہے ہیں۔
دھرم تلہ میں ساڑھے 14 کلو گرام گانجا برآمد، مرشد آباد کے تین افراد پولیس کی گرفت میں...
Source: Admin