سندیپ گھوش سی جی او کمپلیکس میں پیش ہوئے، آر جی کر میں مالی بدعنوانی کے معاملے میں ای ڈی نے سابق پرنسپل کو طلب کیا
آر جی کر میڈیکل کالج میں مالی بدعنوانی کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے ای ڈی نے سندیپ گھوش کو طلب کیا تھا۔ اس سمن کا جواب دیتے ہوئے منگل کی دوپہر آر جی کر کے سابق پرنسپل ای ڈی کے دفتر، سی جی او کمپلیکس میں پیش ہوئے۔ حالانکہ اس سے پہلے بھی انہیں ایک مرتبہ طلب کیا گیا تھا، لیکن اس وقت وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔ سندیپ نے ای ڈی کو خط لکھ کر مزید وقت مانگا تھا۔ اس کے بعد مرکزی تفتیشی ایجنسی نے انہیں دوسری مرتبہ طلب کیا۔
آر جی کر میں خاتون ڈاکٹر-طالبہ کے ساتھ عصمت دری اور قتل کے واقعے کے بعد مالی بدعنوانی کے الزامات سامنے آئے تھے۔ ان الزامات کی بنیاد پر سی بی آئی نے سندیپ کو گرفتار کیا تھا۔ بعد میں ایک اور مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے بھی اس معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ آر جی کر اسپتال کے اکاو¿نٹ سے ٹھیکیداروں کے اکاو¿نٹس میں جمع ہونے والی بھاری رقم منصوبہ بند طریقے سے منتقل کرکے ہڑپ کر لی گئی۔ ٹھیکیداروں کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے قریبی معاونین کے نام پر چیک جاری کیے گئے۔ ان چیکوں کے ذریعے رقم نکالی گئی یا اسے دوسری معاون کمپنیوں کے اکاو¿نٹس میں منتقل کیا گیا۔ بعد میں وہاں سے رقم نکال لی گئی۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ اسی طریقے سے جرم کو چھپایا گیا۔ الزام ہے کہ اس معاملے میں سندیپ کا بھی تعلق ہے۔
اسی معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں ای ڈی نے گزشتہ 4 نومبر کو سندیپ کو طلب کیا تھا۔ تاہم وہ اس دن پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے تفتیشی افسران کو خط لکھ کر 15 دن کا وقت مانگا تھا۔ انہوں نے یہ درخواست بھی کی تھی کہ ضرورت پڑنے پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ان سے پوچھ گچھ کی جائے۔ بعد میں ای ڈی نے انہیں دوبارہ نوٹس بھیج کر منگل کو حاضر ہونے کا حکم دیا۔ سندیپ کو منگل کی صبح 11 بجے پیش ہونا تھا۔ ای ڈی ذرائع کے مطابق، انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے ای ڈی سے مزید وقت مانگا تھا۔ تاہم ای ڈی انہیں مزید وقت دینے کے لیے تیار نہیں تھی۔ تفتیشی افسران نے انہیں منگل ہی کو پیش ہونے کی ہدایت دی۔ اسی کے مطابق تقریباً دوپہر ایک بجے سندیپ سی جی او کمپلیکس پہنچے۔ تاہم انہوں نے صحافیوں کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔
سی بی آئی کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد سے سندیپ تقریباً دو سال تک جیل میں بند رہے۔ انہوں نے کلکتہ ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جسے جسٹس تیرتھنکر گھوش نے مسترد کر دیا تھا۔ ان کا مشاہدہ تھا کہ سندیپ کے خلاف سرکاری رقم غبن کرنے کا الزام ہے، جس کا براہِ راست تعلق عام لوگوں کی صحت کی خدمات سے ہے۔ ملزم کے بااثر ہونے کی وجہ سے گواہوں کو متاثر کرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے سندیپ کی ضمانت مسترد کر دی تھی۔ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے گزشتہ 18 اگست کو سندیپ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
سندیپ کی درخواست پر گزشتہ 16 اکتوبر کو سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت دے دی۔ مقدمے کی کارروائی میں سست رفتاری اور طویل عرصے سے جیل میں بند رہنے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے جسٹس ایم ایم سندریش اور پرشانت بی ورلے کی بنچ نے یہ حکم دیا تھا۔ چونکہ جیل میں رہنے کے دوران ای ڈی نے اس معاملے میں سندیپ کی ’شو اریسٹ‘ نہیں دکھائی تھی اور نہ ہی انہیں اپنی تحویل میں لیا تھا، اس لیے ان کی رہائی میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔ گزشتہ فروری میں ای ڈی نے اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس چارج شیٹ میں سندیپ کا نام بھی شامل ہے۔
سندیپ گھوش سی جی او کمپلیکس میں پیش ہوئے، آر جی کر میں مالی بدعنوانی کے معاملے میں ای ڈی نے سابق پرنسپل کو طلب کیا...
Source: Admin