کولکاتا پولیس میں نئی RAF بٹالین تشکیل دینے کی تیاری، نبانہ نے دی منظوری
اس بٹالین کے لیے 790 نئی اسامیاں پیدا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ خواتین اور مردوں کو ملا کر تقریباً 500 کانسٹیبل بھرتی کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ بٹالین میں انسپکٹر، سب انسپکٹر، ایس پی اور ڈی سی پی رینک کے افسران بھی تعینات ہوں گے۔
امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اب کولکاتا پولیس میں ایک نئی بٹالین تشکیل دی جانے والی ہے۔ ریاست کے محکمہ داخلہ کی جانب سے پولیس کی RAF میں نئی بٹالین بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ نبانہ کی جانب سے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرکے بٹالین سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
کولکاتا پولیس میں پہلے سے ہی RAF کی ایک بٹالین موجود ہے، لیکن ریاستی حکومت اب اس سے زیادہ جدید اور بہتر فورس تشکیل دینے کی پہل کر رہی ہے۔ نبانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق، اس بٹالین کے لیے 790 نئی اسامیاں پیدا کرنے کی منظوری ملی ہے۔ خواتین اور مردوں کو ملا کر تقریباً 500 کانسٹیبل بھرتی کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ انسپکٹر، سب انسپکٹر، ایس پی اور ڈی سی پی رینک کے افسران بھی اس بٹالین کا حصہ ہوں گے۔
اس فورس کا بنیادی کام کولکاتا میں امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنا ہوگا۔ کسی بھی علاقے میں امن و امان کی صورت حال خراب ہونے پر RAF کی یہ بٹالین فوری طور پر تعینات کی جائے گی۔ اس کے علاوہ بڑے تہواروں کے دوران سکیورٹی کی ذمہ داری بھی اسی بٹالین کے سپرد ہوگی۔
حال ہی میں درگا پوجا کے دوران چورباگان کے ایک کلب میں بھگدڑ کے باعث 19 افراد کی موت کے واقعے کے بعد سکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھے تھے۔ ایسے حالات میں کولکاتا پولیس میں نئی RAF فورس کی تشکیل کو کئی لوگ اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
ریاستی پولیس کی کارکردگی اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے سوویندو ادھیکاری کی حکومت پہلے ہی کام شروع کر چکی ہے۔ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد وزیر اعلیٰ اور وزیر پولیس سوویندو ادھیکاری نے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق حکومت کے منصوبوں کا ذکر کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا، ”مغربی بنگال پولیس کی کارکردگی ایک وقت میں بہت اچھی تھی اور اس کا معیار کافی بلند تھا۔ کولکاتا پولیس کا موازنہ تو بین الاقوامی سطح کے کئی پولیس محکموں سے کیا جاتا تھا۔“انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ گزشتہ ترنمول دور حکومت میں پولیس کی صلاحیتوں کا صحیح استعمال نہیں کیا گیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ان کی حکومت میں اس صورت حال کو بدلا جائے گا۔
اسمبلی انتخابات ختم ہونے کے باوجود کولکاتا میں مرکزی فورس کی 12 کمپنیاں اب بھی تعینات رکھی گئی ہیں۔ یہ فورس شہر کے مختلف پولیس ڈویڑنوں میں تعینات ہے۔ انتخابات ختم ہونے کے بعد بھی مرکزی فورس کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بحث شروع ہو گئی تھی۔
کولکاتا پولیس میں RAF (ریپڈ ایکشن فورس) کی تعداد نسبتاً کم ہے۔ اسی کمی کو پورا کرنے کے لیے ریاستی حکومت نئی فورس تشکیل دینا چاہتی ہے۔
پولیس کی کارکردگی اور بنیادی ڈھانچے میں خامیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سوویندو نے واضح کیا تھا کہ وہ کولکاتا پولیس کو ملک کے دیگر بڑے شہروں کی پولیس فورس کی طرح مو¿ثر بنائیں گے۔ انہوں نے ملک کی بہترین پولیس فورسز میں شامل ہونے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔ سوویندو نے صرف پولیس کی کارکردگی ہی نہیں بلکہ فورس کو جدید آلات فراہم کرنے کی بات بھی کہی تھی۔
سی آر پی ایف اور دیگر نیم فوجی دستوں میں بھی RAF جیسی فورس موجود ہے۔ ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت اسی طرز پر کولکاتا پولیس میں نئی بٹالین تشکیل دینا چاہتی ہے، جو امن و امان کی صورت حال بگڑنے پر حالات کو قابو میں رکھنے کا کام کرے گی۔تاہم اپوزیشن جماعتوں کو خدشہ ہے کہ حکومت اس فورس کو احتجاج اور تحریکوں سے نمٹنے کے لیے بھی تعینات کر سکتی ہے اور اس کے ذریعے مخالف آوازوں کو دبانے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
کولکاتا پولیس میں نئی RAF بٹالین تشکیل دینے کی تیاری، نبانہ نے دی منظوری...
Source: Admin