کالی گھاٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ڈھابے میں لگی آگ، فائر بریگیڈ نے کچھ ہی دیر میں پایا قابو
بدھ کی صبح کالی گھاٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ایک ڈھابے میں آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ تیزی سے پھیلنے لگی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کو خبر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں جائے وقوعہ پر بھیجی گئیں۔ کچھ ہی دیر کی کوشش کے بعد فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق بدھ کی صبح 8 بجے کے بعد ڈھابے میں آگ لگی۔ آگ کو پھیلتا دیکھ کر مقامی لوگوں نے سب سے پہلے اسے بجھانے کی کوشش شروع کی۔ صبح 8 بج کر 22 منٹ پر فائر بریگیڈ کو آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ اس کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کی گئیں۔ ابتدائی طور پر دو گاڑیوں نے آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ ڈھابے میں آگ کیسے لگی۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فی الحال ان کی پہلی ترجیح آگ پر مکمل طور پر قابو پانا ہے۔ اس کے بعد آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کی جائے گی۔
بدھ کی صبح میٹرو اسٹیشن کے قریب آگ لگنے کے واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے علاقے میں ٹریفک جام بھی ہو گیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں مہاکرن کے پیچھے واقع ایک عمارت میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس عمارت میں ایک ادارے کے دفتر میں آگ لگی تھی۔ عمارت کے اوپری حصے سے دھواں نکلتا دیکھ کر مقامی لوگوں کو شبہ ہوا، جس کے بعد انہوں نے فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ کافی دیر کی کوشش کے بعد فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔
چند روز قبل کولکاتا کے پوش علاقے میں واقع ساو¿تھ سٹی کمپلیکس کے ٹاور نمبر 3 کی 28ویں منزل کے ایک فلیٹ میں بھی آگ لگ گئی تھی۔ فائر بریگیڈ کی سات گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا تھا۔
اس سے قبل ستمبر میں شمالی کولکاتا کے چت پور کے نواب پٹی علاقے میں ایک گودام میں آگ لگ گئی تھی۔ اس گودام میں کیمیکل اور کپڑے بنانے کا سامان رکھا ہوا تھا۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں کی مدد لی گئی تھی۔تاہم حالیہ دنوں میں کولکاتا میں پیش آنے والے ان چاروں آتشزدگی کے واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
کالی گھاٹ میٹرو اسٹیشن کے قریب واقع ڈھابے میں لگی آگ، فائر بریگیڈ نے کچھ ہی دیر میں پایا قابو...
Source: Admin