کاغذ چننے والے بن کر قیمتی کیمرے چوری! فروخت کرنے جاتے ہی یادوپور سے پولیس کے ہاتھوں گرفتار
کاغذ چننے والے بن کر اسٹوڈیو سے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی کیمرے اور فلیش لائٹس چوری کرلیں! لیکن ان چوری شدہ سامان کو فروخت کرنے کی کوشش کرتے ہی دونوں چور مشکل میں پھنس گئے۔ یادوپور کے واقعے میں دونوں پولیس کے ہاتھوں پکڑے گئے۔ گرفتار افراد جنوبی 24 پرگنہ کے گھٹیاڑی شریف کے رہنے والے ہیں۔ دونوں کے نام قیوم شیخ اور لطفار شیخ ہیں۔
گرفتار قیوم اور لطفار کندھے پر تھیلا لٹکائے صبح کی ٹرین سے کولکاتا آتے تھے۔ جنوبی کولکاتا کے گڑیا سے بالی گنج کے درمیان اپنی پسند کے کسی بھی اسٹیشن پر اتر جاتے تھے۔ کاغذ چننے والے بن کر سڑکوں پر گھومتے تھے۔ تاہم ان کی نظر گھروں اور دکانوں پر رہتی تھی۔ وہ بڑی باریکی سے چوری کے مواقع تلاش کرتے تھے۔ اسی طرح حال ہی میں ان کی نظر یادوپور کے ایک اسٹوڈیو پر پڑی۔دن کے وقت کاغذ چننے کے بہانے انہوں نے باہر سے اسٹوڈیو کے اندر رکھے کیمروں اور دیگر سامان کا جائزہ لے لیا۔ اس کے بعد رات گئے انہوں نے چوری کی واردات کو انجام دیا۔ اسٹوڈیو کے پچھلے دروازے کا تالا توڑ کر دونوں اندر داخل ہوئے۔ اسٹوڈیو میں موجود تمام قیمتی کیمرے، فلیش لائٹس، اسٹینڈ، ٹرائی پوڈ اور دیگر سامان لے کر فرار ہوگئے۔
اس کے بعد سامان کو بوری میں بھر کر لطفار اور قیوم یادوپور اسٹیشن سے گھٹیاڑی شریف میں واقع اپنے ٹھکانے پر پہنچ گئے۔ اگلے ہی دن سے انہوں نے چوری شدہ کیمروں اور دیگر سامان کو فروخت کرنے کی کوشش شروع کردی۔ ادھر اسٹوڈیو کے مالک نے یادوپور تھانے میں قیمتی سامان چوری ہونے کی شکایت درج کرائی۔ لال بازار کے خفیہ محکمہ کے افسران نے تحقیقات شروع کردی۔ علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد خفیہ پولیس نے ابتدائی طور پر دونوں کی شناخت کرلی۔دوسری جانب قیوم اور لطفار بھی کیمروں اور فلیش لائٹس کے خریدار تلاش کرنے لگے۔ انہیں اس بات کا بھی اندازہ نہیں تھا کہ ان سامان کی اصل قیمت کتنی ہوسکتی ہے، اس لیے انہیں آسانی سے خریدار نہیں مل رہا تھا۔
یہ اطلاع خفیہ پولیس تک پہنچتے ہی انہوں نے اسی سراغ کی بنیاد پر گھٹیاڑی شریف میں جال بچھایا۔ قیمتی کیمرے سستے داموں فروخت کرنے پہنچے قیوم اور لطفار خفیہ پولیس کے بچھائے جال میں پھنس گئے۔ ان کے ٹھکانے پر تلاشی کے دوران چوری شدہ تمام سامان برآمد کرلیا گیا۔کیا کاغذ چننے والے بن کر اس طرح چوری کرنا ہی ان کا پیشہ ہے؟ ان دونوں کے علاوہ اس معاملے میں کوئی اور بھی ملوث ہے یا اس کے پیچھے کوئی بڑا گروہ کام کر رہا ہے، ان تمام پہلوو¿ں کا پتہ لگانے کے لیے پولیس دونوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
کاغذ چننے والے بن کر قیمتی کیمرے چوری! فروخت کرنے جاتے ہی یادوپور سے پولیس کے ہاتھوں گرفتار...
Source: Admin
Comment
Your View
We'd love to hear your perspective on this article. Join the conversation and share your thoughts below!
Post your comment
0 CommentsNo comments