ہندستان کے مشہور و معروف کرکٹر سید عابد علی کا آج 83 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ ہندوستانی ٹیم کے لیے آل راؤنڈر کے طور پر کھیلتے تھے۔ انھوں نے ہندستان کے لیے 29 ٹیسٹ اور 5 وَنڈے میچ کھیلے تھے۔ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں انھوں نے 54 وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ 7 نصف سنچری بھی لگائی۔ فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کیریئر میں انھوں نے مجموعی طور پر 416 وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ 13 سنچری بھی اپنے نام کیے۔ وہ اپنی فیلڈنگ کے لیے بہت مشہور تھے۔ سید عابد علی کے انتقال کی خبر سے کرکٹ طبقہ رنج و الم میں مبتلا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اظہار تعزیت کا ایک دراز سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ہندستان کے مایہ ناز بلے باز سنیل گواسکر، سابق تیز گیندباز ڈوڈا گنیش اور اسپنر پرگیان اوجھا نے ان کے انتقال پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سنیل گواسکر نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہت افسوسناک خبر، وہ ایک شیر دل کرکٹر تھے، جو ٹیم کی ضرورت کے حساب سے سب کچھ کرتے تھے۔ انھوں نے ضرورت پڑنے پر مڈل آرڈر میں بھی بلے بازی کی۔ لیگ سائیڈ کارڈن میں کچھ حیرت انگیز کیچ لپکے، جس سے ہمارا اسپن اٹیک مزید مضبوط نظر آتا تھا۔‘‘ عابد علی کی پیدائش 9 ستمبر 1941 کو حیدر آباد میں ہوئی تھی۔ 15 سال کی عمر میں 1956 کے دوران انھیں حیدر آباد اسکولز کی طرف سے کھیلنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ سلیکٹرس ان کی فیلڈنگ سے بہت متاثر تھے، اس لیے انھیں ٹیم میں شامل کر لیا تھا۔ اسکولی سطح پر 3 سال تک کھیلنے کے بعد 59-1958 میں انھوں نے حیدر آباد کی جونیئر ٹیم میں جگہ بنا لی۔ پھر اگلے ہی سال انھیں اپنی ریاستی ٹیم سے رنجی ٹرافی میں بھی کھیلنے کا موقع مل گیا۔ اس کے بعد 1967 میں انھوں نے آسٹریلیا کے خلاف ہندوستانی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا۔ عابد علی نے اس میچ کی دونوں اننگ میں 33 رن بنائے اور 55 رن دے کر 6 وکٹ بھی لیے۔ یہ اس وقت ڈیبیو پر کسی بھی ہندوستانی کھلاڑی کی طرف سے پیش کی گئی بہترین کارکردگی تھی۔ 70 کی دہائی میں عام طور پر آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے کھلاڑی اپنی فیلڈنگ کے لیے مشہور تھے۔ ہندوستانی ٹیم میں ایسا کوئی کھلاڑی نہیں تھا جس کی توجہ فٹ نس اور فیلڈنگ پر ہو۔ لیکن عابد علی پہلے ایسے کھلاڑی بنے جو اپنی بلے بازی اور گیندبازی کے علاوہ فیلڈنگ اور فٹ نس کے لیے مشہور ہوئے۔ ان کی فیلڈنگ اتنی شاندار تھی کہ انھیں مستقبل کا کھلاڑی بتایا جاتا تھا۔
Source: Social Media
آل راؤنڈر محمود اللہ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
دھونی، رائنا اور پنت کا ’دما دم مست قلندر‘ پر دھمال، ویڈیو وائرل
آئرلینڈ کرکٹ بورڈ نے افغانستان کیخلاف سیریز ملتوی کر دی، وجہ کیا ہے؟
پاکستان کرکٹ ٹیم نئے کپتان کے ساتھ نیوزی لینڈ کیلیے روانہ
ہندوستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر سید عابد علی کا انتقال، سنیل گواسکر سمیت سرکردہ شخصیات کا اظہارِ تعزیت
میراڈونا کے علاج میں غفلت برتنے پر ڈاکٹر سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ پر سماعت شروع
دھونی، رائنا اور پنت کا ’دما دم مست قلندر‘ پر دھمال، ویڈیو وائرل
مکی آرتھر بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے معاملات پر بول پڑے
میراڈونا کے علاج میں غفلت برتنے پر ڈاکٹر سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ پر سماعت شروع
ہندوستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر سید عابد علی کا انتقال، سنیل گواسکر سمیت سرکردہ شخصیات کا اظہارِ تعزیت