International

میناب اسکول کے شہید بچوں کے والدین کا پوپ لیو کو خط

میناب اسکول کے شہید بچوں کے والدین کا پوپ لیو کو خط

تہران(20 اپریل ): ایران میں امریکی حملے میں شہید ہونے میناب اسکول کے بچوں کے والدین نے پوپ لیو کو خط لکھ دیا۔ ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران کے جنوبی شہر میناب کے ایک پرائمری اسکول پر امریکی بمباری میں شہید ہونے والے بچوں کے سوگوار خاندانوں نے رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ کے امن پسندانہ موقف کو سراہتے ہوئے پوپ لیو چہاردم سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بے زبان بچوں کی آواز بنیں۔ پوپ کے نام لکھے گئے خط میں غمزدہ ایرانی خاندانوں نے پوپ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی بصیرت اور اثر و رسوخ کو استعمال کریں تاکہ زمین پر کسی بھی والدین کو اپنے بچے کی سرد قبر پر لوری سنانے کی نوبت نہ آئے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ ہم یہ خط لرزتے ہاتھوں اور دکھ سے بھرے دلوں کے ساتھ، جنوبی ایران کے شہر میناب میں اسکول کے کھنڈرات اور راکھ کے ڈھیر سے لکھ رہے ہیں۔ ہم ان 168 بچوں کے والدین ہیں جو ان دنوں اپنے بچوں کے گرم جسموں کو گلے لگانے کے بجائے ان کے جلے ہوئے بستوں اور خون آلود کاپیوں کو سینے سے لگائے ہوئے ہیں، وہ معصوم بچے جن کا واحد جرم کلاس روم میں مسکرانا تھا۔ متاثرہ والدین نے اپنی تکلیف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب دھماکوں کی ہولناک آواز نے ہماری چیخوں پر دنیا کے کان بند کر دیے تھے، تب آپ کے امن پسند الفاظ کی گونج ہمارے لامتناہی زخموں کے لیے مرہم بن گئی۔ پوپ لیو چہاردم کی جانب سے عالمی طاقتوں کو تشدد اور بمباری کم کرنے کی دلیرانہ کال کا حوالہ دیتے ہوئے خاندانوں نے کہا کہ پوپ کا ہر لفظ بچوں کو بچانے اور بڑھتی ہوئی نفرت، تشدد اور معصوم جانوں کے ضیاع پر دنیا کے ضمیر کو بیدار کرنے کی ایک کوشش تھا۔ خط میں مزید کہا گیا کہ ہم حق کی آواز بننے اور ہمیں یہ یاد دلانے کے لیے آپ کے شکر گزار ہیں کہ پائیدار امن اور سکون طاقت اور ہتھیاروں سے نہیں بلکہ مکالمے سے حاصل ہوتا ہے۔ میناب ایک تلخ حقیقت ہے جسے غیر منطقی جنگجوؤں کی رہنمائی میں امریکی بموں نے تخلیق کیا ہے۔ والدین نے خط میں لکھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے بچے اب کبھی گھر نہیں لوٹیں گے، لیکن پوپ جیسی شخصیت ان بے زبان بچوں کی آواز بن کر تمام راستے کھول سکتی ہے تاکہ دنیا میں کوئی دوسرا والدین اس المیے سے دوچار نہ ہو۔ یہ خط ‘اسلامک کلچر اینڈ کمیونیکیشن آرگنائزیشن’ کو بھیجا گیا ہے تاکہ اسے ‘ایرانی بین المذاہب مکالمہ پالیسی و کوآرڈینیشن کونسل’ کے ذریعے پوپ لیو چہاردم تک پہنچایا جا سکے۔

Source: social media

Post
Send
Kolkata Sports Entertainment

Please vote this article

0 Responses
Best Rating Best
Good Rating Good
Okay Rating Okay
Bad Rating Bad

Related Articles

Post your comment

0 Comments

No comments