مکہ مکرمہ کے حِراء کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم اپنی تاریخی نوادرات میں سے ایک نایاب ترین مصحف کی نمائش کر رہا ہے، جو تقریباً 120 سال قبل روس کے شہر قازان میں طبع کیا گیا تھا۔ یہ اقدام مصحفِ شریف کی طباعت کی تاریخ اور اس علمی و تحقیقی کاوش کو دستاویزی شکل دیتا ہے، جو مسلمانوں نے قرآنِ مجید کی خدمت اور اسے دنیا بھر میں پھیلانے کے لیے انجام دی۔ یہ میوزیم مصحفِ شریف کا ایک نایاب نسخہ محفوظ کیے ہوئے ہے ،جو 1324 ہجری (1906 عیسوی) میں قازان میں طبع کیا گیا تھا۔ اسے قازان میں چھپنے والے ابتدائی مصاحف میں شمار کیا جاتا ہے، جو اپنے زمانے میں اسلامی کتب اور مصاحف کی طباعت کے حوالے سے نمایاں حیثیت رکھتا تھا۔ یہ نسخہ اسلامی طباعت کی تاریخ میں ایک اہم مرحلے کی نمائندگی کرتا ہے، جہاں جدید طباعتی تکنیکوں کے آغاز کے باوجود متنِ قرآن کی صحت اور تقدس کو مکمل طور پر برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ یہ مصحف اپنی تاریخی اہمیت کے ساتھ ساتھ علمی قدر و قیمت کے اعتبار سے بھی نمایاں ہے۔ اس کے حواشی پر تفسیر سے متعلق شروحات اور علمی نوٹس درج ہیں، جو آیاتِ قرآنی کے معانی کی وضاحت کرتے ہیں اور قرآنِ مجید کی تفسیر میں علماء کی علمی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہیں۔یوں یہ مصحف ایک ایسی اہم دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، جو طباعتی ورثے اور اسلامی علمی روایت دونوں کو یکجا کرتا ہے۔ یہ مصحف مکہ مکرمہ میں واقع حِراء کلچرل ڈسٹرکٹ کے قرآن میوزیم میں، شاہ فیصل سینٹر برائے اسلامی تحقیق و مطالعات کے تعاون سے نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے، جو اس نادر نسخے کو اپنے علمی ذخیرے کا حصہ بھی رکھتا ہے۔ یہ اقدام قرآنی نوادرات کو اجاگر کرنے اور زائرین کو مصحفِ شریف کی طباعت کے تاریخی مراحل سے روشناس کرانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جن میں علمی اور فنی دونوں سطحوں پر کی جانے والی کاوشیں شامل ہیں ،جنہوں نے قرآنِ کریم کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔ قرآن میوزیم کو دنیا کا پہلا ایسا خصوصی میوزیم ہونے کا اعزاز حاصل ہے ،جو مکمل طور پر قرآنِ کریم کے لیے وقف ہے۔ یہاں نایاب مصاحف اور مخطوطات کا ایک وسیع مجموعہ موجود ہے ،جو قرآنِ مجید کی کتابت اور طباعت کی تاریخ کو محفوظ کرتا ہے۔ میوزیم جدید تکنیکی ذرائع پر مبنی ایک تعاملی (انٹرایکٹو) تجربہ بھی فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے زائرین اسلام کے ابتدائی دور سے لے کر جدید زمانے تک قرآنِ مجید کے تحفظ اور خدمت کے اہم مراحل کا مشاہدہ کر سکتے ہیں۔یہ مصحف میوزیم کے مجموعے میں ایک اہم اضافہ ہے اور عرب دنیا سے باہر اسلامی طباعت کی تاریخ کا ایک نمایاں دریچہ بھی فراہم کرتا ہے، جو مکہ مکرمہ کی ثقافتی اہمیت کو اس کی روحانی حیثیت کے ساتھ مزید مضبوط بناتا ہے، کیونکہ یہ شہر مسلمانوں کے دلوں کی دھڑکن ہے۔
Source: Social Media
آج شب چاند عین خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا
امریکی صدر ٹرمپ کا چینی صدر کو طنز بھرا پیغام
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ویڈیو جاری کر کے اپنی موت کی افواہوں کی تردید کر دی
آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے ٹرمپ کی اپیل پر دنیا خاموش
برطانیہ نے قطر، قبرص میں ٹائفون، ایف 35 طیارے تعینات کردیے
ایرانی بحریہ ختم ہو چکی تو ٹرمپ خلیج فارس میں امریکی بحریہ بھیج دیں، ترجمان پاسداران
برطانیہ نے قطر، قبرص میں ٹائفون، ایف 35 طیارے تعینات کردیے
ایرانی بحریہ ختم ہو چکی تو ٹرمپ خلیج فارس میں امریکی بحریہ بھیج دیں، ترجمان پاسداران
امریکی حملے کے بعد ایران کے جزیرے خارگ سے بدستور ٹینکرز پر تیل لوڈ کیا جا رہا ہے، رپورٹ
روضہ رسولﷺپر رش کی صورت حال ’’ الیکٹرانک ‘‘ طریقے سے دیکھنے کی سہولت شروع